اسلام آباد ( نیوز ایجنسی ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی ، ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے سندھ میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوںسے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا،اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر کوئی سیاست نہیں کی جائیگی، وفاقی حکومت سندھ کیساتھ ہرممکن تعاون کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان گریٹر کراچی واٹر سپلائی سکیم ،کراچی سرکلر ریلوے ، حیدر آباد یونیورسٹی ، جامشورو اور سیہون شریف روڈ سمیت دیگر وفاق اور سندھ حکومتوں کے مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔