• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی وزیر ثقافت کی جانب سےمصنوعی ذہانت کے مقابلے

سعودی عرب کے وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے گزشتہ دنوںدارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل سینٹر میں منعقد ہونے والے مصنوعی ذہانت کے مقابلے ’’آرتھاتھون‘‘ کی سرپرستی کی۔ مقابلے کے آخری روز تقریب سے خطاب میں سعودی وزیر ثقافت نے کہا کہ ’’فنون کے شعبے میں جدت طرازی کی ایک نئی جست دیکھی جا رہی ہے۔ مملکت نے مستقبل کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں مصنوعی ذہانت کو خصوصی اہمیت دی ہے‘‘۔

شہزادہ بدر بن عبداللہ کے مطابق حالیہ ’’آرتھاتھون‘‘مقابلے کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب کی دانش مند قیادت ثقافت کے تمام سیکٹروں کو دل چسپی کے ساتھ توجہ دے رہی ہے۔ آج سعودی نوجوان ثقافتی جدت اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے مملکت کا بین الاقوامی شراکت پر پورا یقین ہے۔

اس موقعے پر سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے سربراہ اور مصنوعی ذہانت کی عالمی کانفرنس کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین عبداللہ الغامدی کا کہنا تھا کہ آرتھاتھون مقابلے کے انعقاد کا مقصد مصنوعی ذہانت کی تخلیقی صلاحیت اور انسانیت کے لیے اس کے مثبت فوائد کو نمایاں کرنا ہے۔واضح رہے کہ 23 سے 25 جنوری تک منعقد ہونے والے ’’آرتھاتھون مصنوعی ذہانت‘‘مقابلے میں ڈیٹا سائنس اور گرافک ڈیزائننگ کے 300 ماہرین نے شرکت کی۔ 

مقابلے میں سے منتخب ہونے والی 20 ٹیمیں دو ماہ کے بھرپور تربیتی پروگرام میں شریک ہوں گی تا کہ اپنے حتمی فن پاروں کو تشکیل دے سکیں۔ 

ان میں سے بہترین 10 فن پاروں کو مصنوعی ذہانت کی عالمی کانفرنس میں پیش کیا جائے گا۔ یہ کانفرنس 30 اور 31 مارچ کو سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہو گی۔

تازہ ترین