مسلم لیگ نون کی رہنما عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ فواد چوہدری، فردوس عاشق اعوان اور شیخ رشید احمد جلد عمران خان کا ساتھ چھوڑنے والے ہیں۔
لاہورسےجاری بیان میں عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کو’تحریک مہنگائی و تحریک بحران‘ کا نام دیتے ہوئے کہا کہ شبر زیدی کے بعد مشیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک بھی لمبی چھٹی پر جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد عمران خان کے ساتھ صرف مراد سعید، زرتاج گل اور پرویز خٹک رہ جائیں گے۔
2018ء کےالیکشن سے قبل ٹرک بھر بھر کے پی ٹی آئی میں جو لوگ شامل کیے گئے تھے، بجٹ کے بعد وہی ٹرک دوبارہ فصلی بٹیروں کا سامان اٹھانے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب محاذ کا نعرہ لگانے والے آج جنوبی پنجاب صوبہ بھول گئے جبکہ جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ کرنے والے چینی بحران پیدا کرکے اگلے الیکشن کا پیسہ اکٹھا کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار آئندہ الیکشن میں ایم پی اے بھی نہیں بن سکیں گے۔