• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حُسنِ جہاں نے میری زندگی بدل دی، کبریٰ خان

”جیوٹی وی“ کا میگا سیریل ”الف“


معروف اداکارہ کُبریٰ خان کا کہنا ہے کہ حُسنِ جہاں کے کردار نے اُن کی زندگی بدل دی ہے۔

جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامے ’الف‘ میں حُسنِ جہاں کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کُبریٰ خان نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر حُسنِ جہاں کے کردار کے حوالے سے ایک پوسٹ کی جس کا اُنہوں نے ایک طویل کیپشن لکھا۔


کُبریٰ خان نے لکھا کہ ’میں نے حُسنِ جہاں کا کردار ادا نہیں کیا ہے بلکہ اِس کو محسوس کیا ہے، اِس کردار میں زندگی بسر کی ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’ہر اداکار اپنی زندگی میں کم از کم ایک ایسا کردار یا اسکرپٹ ضرور کرتا ہے جو اُس کی زندگی بدل دیتا ہے، حُسنِ جہاں کا کردار بھی میرے لیے ایسا ہی ثابت ہوا جس نے مجھے ہمت اور طاقت کا درس دیا۔‘

اُنہوں نےلکھا کہ ’میں نے حُسنِ جہاں کے کردار سے جو سبق حاصل کیا ہے وہ میرے لیے کسی ایوارڈ سے کم نہیں ہے۔‘

کُبریٰ خان نے اپنی پوسٹ میں ڈراما ’الف‘ کے ڈائیریکٹر حسیب حسن کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ’الف‘ کی رائٹر عمیرا احمد کی لکھائی، لفظ اور کہانی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’حُسنِ جہاں کے کردار کے ہر ایک لفظ نے میرے دِل کو چُھوا ہے۔‘

اُنہوں نے ’الف‘ میں اپنے ساتھی اداکار احسن خان کو طحہٰ کا کردار کرنے کے لیے کہا کہ ’یہ آپ کے لیے اور میرے لیے حیرت انگیز تھا۔‘

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں دیگر ساتھی فنکاروں، پروڈیوسر اور ٹیم ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اُنہوں نے اپنے کیپشن کے آخر میں ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا جس میں اُنہوں نے لکھا کہ ’الف بس حرف نہیں یہ ظرف ہے کمال کا۔‘

واضح رہے کہ ’الف‘ جیو انٹرٹینمنٹ کا مقبول ترین ڈراما ہے جس میں کُبریٰ خان حُسنِ جہاں کا کردار ادا کررہی ہیں، احسن خان اُن کے شوہر یعنی طحہٰ کا کردار ادا کر رہے ہیں، حمزہ علی عباسی اِن کے بیٹے قلبِ مومن کا کردا ر ادا کر رہے ہیں جبکہ سجّل علی ’الف‘ میں مومنہ سُلطان کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

تازہ ترین