کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ اور پاکستان ریلوے کا کراچی سرکلر ریلوے کے تمام زیر التواء مسائل کو حل کرنے اور کراچی سرکلر ریلوے جلد شروع کرنےپر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے کراچی اربن ٹرانسپورٹ کمپنی (کے یو ٹی سی) اور رائٹ آف وے کو صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ کراچی کراچی سرکلر ریلوے روٹ کے بقیہ حصے سے تجاوزات کو ایک ماہ کے اندر صاف کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے، ڈی سی ریلوے کراچی اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ کمشنر کراچی کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی، یہ کمیٹی کے سی آر روٹ کے بقیہ حصے سے تجاوزات کو ہٹانے کے لائحہ عمل طے کریگی، کمیٹی کو ایک ماہ کے اندر حکومت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مذکورہ فیصلے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے درمیان پیر کو وزیر اعلی ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں کئے گئے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر ریلوے کو بتایا کہ 3دسمبر 2016ء کو سرکلر کو انہوں نے وزیراعظم سے سی پیک فریم ورک کے تحت کے سی آر کو شامل کرنے کی درخواست کی تھی، اسکی بحالی کیلئے سوورین گارنٹی جاری کی جائے، کراچی اربن ٹرانسپورٹ کمپنی (کے یو ٹی سی) کو سندھ حکومت کے حوالے کریں اور رائٹ آف وے (آر او ڈبلیو) کو کے یو ٹی سی کے حوالے کردیں۔