• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسینہ معین کا ڈرامہ ’ان کہی‘ 15 مارچ سے تھیٹر پر پیش کیا جائیگا

ماضی کا مقبول ترین ڈرامہ ’اَن کہی‘ اب تھیٹر پر پیش کیا جائے گا، جس کا پہلا شو 15 مارچ کو آرٹس کونسل کراچی میں ہوگا۔

اس بات کا اعلان ڈرامہ نگار حسینہ معین، اداکار ساجد حسن اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جمعرات کو  آڈیٹوریم II ، احمد شاہ بلڈنگ میں ”اُن کہی“ سے متعلق مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ حسینہ معین ملک کی معروف ڈرامہ نگار ہیں، جن کے ڈرامے میں عورت کو کبھی کمزور نہیں دکھایا گیا، حسینہ معین نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی مقام رکھتی ہیں، ان کا ڈرامہ اتنا مضبوط ہوتا تھا کہ لوگ اس کے سحر میں مبتلا ہو جاتے۔

صدر آرٹس کونسل کا کہنا تھا کہ اُن کے مقبول ترین ڈرامے ”اَن کہی“ کو تھیٹر میں پیش کیا جارہا ہے جو خوش آئند بات ہے۔

محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنے ڈراموں کو تھیٹر میں لائیں، کراچی میں کوئی تھیٹر نہیں تھا آرٹس کونسل نے تھیٹر آباد کیا اور ہماری تھیٹر اکیڈمی نوجوانوں کے لیے کام کررہی ہے۔

اس موقع پر معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین نے کہا کہ ”اَن کہی“ میرے لیے بہت اہم ہے، ”اَن کہی“ کو بھارت والوں نے فلم کے لیے مانگا مگر میں نے منع کردیا، یہ میرا اسٹیج کے لیے پہلا شو ہوگا دعا ہے کہ آپ مایوس نہ ہوں اور مجھے خوشی ہوگی کہ یہ ڈرامہ تھیٹر کی صورت میں بھی کامیاب رہے۔

اس موقع پر اداکار ساجد حسن نے کہا کہ ہم اپنے رائٹرز کو بھلاتے جارہے ہیں، حسینہ آپا جیسے لوگوں کو آگے آنے کا موقع دینا چاہیے، ”اَن کہی“ کی اجازت دینا حسینہ آپا کی فراخ دلی ہے، یہ ایک تحریک ہے جو ہمیں مل کر چلانی ہوگی اور یہ جدوجہد صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے سائے تلے چلتی رہے گی۔

’اَن کہی‘ تھیٹر کے ہدایت کار داور محمود نے کہا کہ میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا مشکور ہوں، ”اَن کہی“ کی کہانی بہت یونیورسل ہے جن لوگوں نے یہ ڈرامہ پہلے نہیں دیکھا اُن کے لیے بہت زبردست ہوگا۔

”اَن کہی“ کی ہیروئن شہناز شیخ کے کردار کو تھیٹر میں پیش کرنے والی اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں حسینہ معین کے لیے کام کررہی ہوں، یہ میرے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں، اس سے قبل میں نے کبھی تھیٹر نہیں کیا۔

ڈرامے میں مرکزی کردار آمنہ الیاس جبکہ سہیل ہاشمی، وہاب شاہ، شفقت خان، علی شیخ، طٰحہٰ ہمایوں، وقار علی بھی کاسٹ میں شامل ہیں جبکہ میوزک عباس علی خان نے ترتیب دیا ہے۔

تازہ ترین