فیصل آباد میں بسنت پر پابندی کے باوجود آسمان پتنگوں سے بھر گیا، نوجوان سارا دن چھتوں پر پتنگ بازی میں مصروف رہے۔
نوجوانوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی جاتی رہی جبکہ چار افراد ڈور پھرنے سے زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔
پتنگ بازوں کے خلاف پولیس نے گلی گلی کریک ڈاؤن کرکے چھتوں سے تین سو سے زائد پتنگ بازوں کو حراست میں لے لیا، بڑی تعداد میں پتنگیں اور ڈور بھی برآمد کرلی گئی۔
فیصل آباد میں دن بھر پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا، آسمان پر ہزاروں پتنگیں پولیس اہلکاروں کو منہ چڑاتی رہیں۔ پتنگ بازی کے ساتھ ساتھ کئی علاقے ہوائی فائرنگ سے بھی گونجتے رہے۔
پولیس نے سیڑھیوں کے ذریعے پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا اور تین سو سے زائد پتنگ بازوں کو گھروں کی چھتوں سے حراست میں لے لیا۔
نوجوانوں سے بڑی تعداد میں پتنگ اور ڈورقبضے میں لے لی گئیں۔
کریک ڈاؤن کے دوران پولیس کی جانب سے گلی محلوں میں لاؤڈ اسپیکر پر پتنگ بازی پر پابندی کے اعلانات بھی کئے جاتے رہے۔