کراچی (اسٹاف رپورٹر) اذلان شاہ کپ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا تر بیتی کیمپ دس فروری سے شروع ہوگا جس کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی نے48کھلاڑیوں کو مدعو کیا ہے تاہم سندھ کے سکریٹری کھیل امتیاز علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے دبائو پر صوبے کے دو کھلاڑیوں لاڑکانہ کے عبید اللہ بھٹو اور کراچی کے آغا عون علی کو بھی کیمپ کا حصہ بنالیا گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ سندھ محکمہ اسپورٹس کی جانب سے معاملے کو ہاکی فیڈریشن کے سامنے اٹھایا گیا جس کا نوٹس لیاجانا خوش آئند بات ہے۔ سندھ حکومت پی ایچ ایف کی پچھلے کئی سال سے مالی مدد کررہی ہے۔ دوسری جانب قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے جن کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا اس کے علاوہ مزید کھلاڑیوں کی شمولیت کے بارے میں سلیکٹرز نے تاحال کچھ نہیں بتایا ہے۔ کیمپ میں گیاری فروری سے کھلاڑی پریکٹس کریں گے۔ پہلے مرحلے میں کھلاڑی دو ہفتے پریکٹس کریں گے ۔ دوسرے مر حلے میں بھی کیمپ لاہور میں لگے گا، تیسرے اور آخری مر حلے میں مارچ کے آ خر میں قومی کیمپ کراچی میں لگے گا۔ قومی ٹیم کراچی سے ملائیشیا جائے گی۔