کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کراچی میں بھی مقبولیت میں زبردست اضافہ ہورہا ہے۔کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد کراچی کے ایک اسکول میں مہمان کی حیثیت سے گئے تو اسکول کوئٹہ کوئٹہ کے نعروں سے گونج اٹھا۔نوجوان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے گانے پر دیوانہ وار جھومتے رہے۔دوسری جانب۔پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقامی شاپنگ مال میں شائقین کرکٹ کی جانب سے پر تپاک خیر مقدم کیا گیا۔ہفتے کی شام کوئٹہ کے کھلاڑی احمد شہزاد،احسان علی عبدالناصر،میڈیا منیجر نبیل ہاشمی اور منیجر اعظم خان نے پرستاورں میں شرٹس تقسیم کیں، سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے آرچرڈ اسکول کا دورہ کیا۔جہاں اسکول کےمالک وسیم صوفی ،کاشان وسیم صوفی ،اساتذہ ،اسٹاف اور طالب علموں نے بڑی تعدا د میں شرکت کی۔سرفراز احمد کو اسکول میں یہ دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی جب بچے کوئٹہ کوئٹہ کے نعرے لگاتے رہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا ٹائیٹل اس بار بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جیتے گی۔احمد شہزاد نے گذشتہ سال کوئٹہ کو چیمپین بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا ان کا کہنا ہے کہ پرستاروں کا جوش وجذبہ نا قابل فراموش ہے۔ہمارے پاس میچ ونرز ہیں اور ٹیم متوازن ہے یہ ٹیم اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے فیورٹ ہے ۔