کراچی (محمد ناصر) ”کبڈی“ کی عید کا دِن آگیا !!´ کبڈی ورلڈ کپ 2020ءکا سب سے بڑا میلہ اتوار 9 فروری سے پاکستان کے دِل لاہور میں سجے گا جو 16فروری تک جاری رہے گا۔ لاہوریوں کے دِل کی دھک دھک، کراؤڈ کا شور، دیوانوں کا جوش اور پھر ”کبڈی “ کے کھیل کا نان اسٹاپ ہنگامہ اتوار سے باقاعدہ شروع ہوجائے گا۔ دنیا بھر کے پہلوانوں کے ساتھ پہلی بار پاکستان اس ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔ عوام سے کھچا کھچک بھرے کبڈی کے میدان میں پُر جوش ٹیمیں مخالف ٹیموں کے ہوش اُڑائیں گی، سنسنی خیز اور اعصابی جنگ کے سب سے بڑے ایونٹ کی افتتاحی تقریب پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزردار ہوں گے۔ افتتاحی تقریب سمیت ٹورنامنٹ کے تمام سنسنی خیز مقابلے پاکستان کے پہلے نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ سے براہ راست نشر کئے جائیں گے۔ کبڈی ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ شام ساڑھے 6 بجے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرے مقابلے میں شب 8بجے ایران اور سیرالیون کی ٹیمیں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی ۔ کبڈی ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی فروخت بھی تیزی سے جاری ہے۔