• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استحصال نظام کی تبدیلی کے بغیر ترقی و خوشحالی کی منزل طے نہیں کی جا سکتی، پرویز خٹک

پشاور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ بدعنوانی، ناانصافی اور استحصال پر مبنی نظام کو تبدیل کئے بغیر قومی ترقی اور خوشحالی کی منزل طے نہیں کی جا سکتی اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت گزشتہ دو سالوں سے اداروں کی اصلاح اور عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کلاں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میاں جمشیدالدین، ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران، ضلع ناظم لیاقت خٹک، نائب ناظم اشفاق خٹک، تحصیل ناظم سنگین خان اور نائب تحصیل ناظم زرعالم خان بھی موجود تھے۔1وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت تبدیلی کے ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت تباہ حال اداروں کی بحالی اور فرسودہ نظام کی اصلاح کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہحکومت  اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے انہیں عوام کا حقیقی خادم بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیروں، جاگیرداروں کے مفادات بدعنوان نظام سے ہی وابستہ ہے جبکہ موجودہ حکومت بدعنوانی کے خلاف جنگ اور غریب عوام کو ظلم کے نظام سے نجات دلانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی اصلاح اس وقت نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہے جب عوام اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرلیں اور حق کا ساتھ دیں۔ وزیراعلیٰ نے اصلاحاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کی بہتری پر توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو معیاری سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تھانوں اور پٹوار خانوں کی اصلاح کے لئے تاریخی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے اثرات عوام بہت جلد محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی کیلئے عوام کو متحد ہو کر برائی کے خلاف جدوجہد کرنی ہو گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی اور موجودہ دور میں ہونے والی ترقیاتی سرگرمیوں میں معیار کے لحاظ سے واضح فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کا بہتر معیار تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بیروزگاری کے خاتمے اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئے صنعتی پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دے رہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صوبے میں بہت جلد کارخانے لگنے شروع ہو جائیں گے جس سے بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین