• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بمقابل بنگلادیش، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 445 رنز بنا کر آؤٹ


راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلا دیش کے خلاف پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 445 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسے بنگلا دیش کے پہلی اننگ کے اسکور پر 212 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو گزشتہ روز سنچری اسکور کرنے والے بابراعظم 143 رنز اسکور کرکے دن کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی پانچویں گرنے والی وکٹ اسد شفیق کی تھی وہ 65 رنز بناسکے، جبکہ چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے وہ محض 10 رنز ہی بناسکے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ 415 کے مجموعے پر گری جب یاسر شاہ 5 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی 3 رنز بناسکے۔

پاکستان کی نویں وکٹ سیٹ بیٹسمین حارث سہیل کی تھی وہ 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کے فوری بعد 445 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی آخری وکٹ نسیم شاہ کی گری وہ 2 رنز بناسکے، جبکہ محمد عباس ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلا دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بولر ابو جائد اور روبیل حسین رہے، دونوں نے 3، 3 وکٹ حاصل کیے جبکہ تاجل اسلام 2 اور عبادت حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے کھیل کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک شان مسعود اور بابراعظم کی سنچریوں کی بدولت 342 رنز اسکور کیے تھے۔

تازہ ترین