سال 2025 میں پاکستانی ڈراموں میں رومانوی کہانیوں کی کمی نہیں تھی، تاہم ہر آن اسکرین جوڑی ناظرین کے دل جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
جہاں کچھ جوڑوں نے اسکرین پر جادو جگایا، وہیں کئی جوڑیاں کمزور کیمسٹری، غیر فطری تعلقات اور ناقص اسکرپٹ کے باعث شدید تنقید کی زد میں رہیں۔
کہیں زبردستی کی شادیاں دکھائی گئیں، تو کہیں جذباتی طور پر تھکا دینے والے رشتے، جس نے ناظرین کو جوڑے سے جوڑنے کے بجائے مزید دور کر دیا۔
مندرجہ ذیل 2025 کے اُن بدترین آن اسکرین جوڑوں کا ذکر ہے جنہیں پذیرائی کے بجائے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریار منور اور اُشنا شاہ نے ڈرامہ اے عشقِ جنون میں ایک ساتھ اسکرین شیئر کی، یہ ڈرامہ نجی ٹی وی پر نشر ہوا اور کہانی کے باعث خاصی توجہ حاصل کی، حتیٰ کہ بعض ناظرین نے اسے کوریئن ڈرامے سے بھی مشابہ قرار دیا، تاہم مرکزی جوڑی کی کیمسٹری ناظرین کو متاثر نہ کر سکی، دونوں کے درمیان جذباتی ہم آہنگی کی کمی واضح نظر آئی، جس کے باعث یہ جوڑی یادگار ثابت نہ ہو سکی۔
وہاج علی اور مایا علی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے بڑے نام ہیں، ڈرامہ ’جو بچھڑ گئے‘ میں ان کی جوڑی کو بےحد پسند کیا گیا تھا اور حقیقی زندگی میں بھی دونوں کی دوستی مشہور ہے۔ تاہم ’سن میرے دل‘ میں ان دونوں کو ایک ساتھ کاسٹ کرنا ناظرین کے مطابق ایک غلط فیصلہ ثابت ہوا۔
ڈرامے میں ان کی کیمسٹری بالکل کام نہ کر سکی اور شائقین اس جوڑی کو اس اسکرین پر دیکھنے کے خواہشمند نظر نہیں آئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ناظرین کے مطابق رومانوی تاثر صرف آخری قسط کے آخری چند منٹوں میں ہی محسوس ہو سکا۔
فیصل قریشی اور حنا آفریدی کی آن اسکرین جوڑی نے بھی خاصی بحث کو جنم دیا۔ حنا آفریدی ڈرامہ انڈسٹری میں نسبتاً نئی ہیں جبکہ فیصل قریشی ایک سینئر اور منجھے ہوئے اداکار ہیں۔
دونوں کے درمیان نمایاں عمر کے فرق نے ناظرین کو بےچین کر دیا تھا۔ اگرچہ فیصل قریشی نے وضاحت کی کہ یہ فرق اسکرپٹ کی ضرورت تھا، مگر شائقین بڑی عمر کے فرق کو قبول نہ کر سکے، جس کے باعث یہ جوڑی تنقید کا نشانہ بنی رہی۔
فیروز خان اور درفشاں سلیم نے کثیر تشہیر یافتہ ڈرامہ سانول یار پیا میں ایک ساتھ کام کیا، بظاہر یہ جوڑی بری نہیں لگتی، تاہم ان کی کیمسٹری کو ایک اور کردار نے بری طرح متاثر کیا۔
ڈرامے میں احمد علی اکبر (سانول) کے کردار نے ایسا مضبوط تاثر چھوڑا کہ ناظرین ’پیّا‘ کو ’علی یار‘ کے بجائے ’سانول‘ کے ساتھ دیکھنا چاہتے تھے۔ اس صورتحال نے فیروز اور درفشاں کی جوڑی کو مکمل طور پر پس منظر میں دھکیل دیا۔
ماورا حسین نے ڈرامہ ’اگر تم ساتھ ہو‘ میں زاویار نعمان اعجاز اور اپنے حقیقی زندگی کے شریکِ حیات امیر گیلانی کے ساتھ کردار ادا کیا۔ ڈرامہ مجموعی طور پر فلاپ ثابت ہوا اور ماورا اور زاویار کی کیمسٹری بھی ناظرین کو متاثر نہ کر سکی۔ زاویار کا کردار ایک شدت پسند اور جنونی عاشق کے طور پر پیش کیا جانا تھا، مگر اداکاری اور اسکرپٹ دونوں اس تاثر کو مؤثر انداز میں پیش کرنے میں ناکام رہے۔