• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ بار کونسل کا وکلا پر مقدمے کیخلاف آج صوبے بھر میں عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سندھ بار کونسل نے وکلا پر مقدمے کے خلاف آج صوبے بھر میں عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا جبکہ کراچی میں وکلا نے پہلے ہی یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف ایف آئی آر درج نہ ہونے پر آج سٹی کورٹ میں ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا۔

صدر کراچی بار عامر وڑائچ کا کہنا ہے کہ آج کسی پولیس اہلکار کو سٹی کورٹ آنے نہیں دیں گے، جب تک وکلا کی درخواست پر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوتا احتجاج جاری رہے گا۔

وکلا نے سٹی کورٹ میں آج صبح 11 بجے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ صدر کراچی بار کا کہنا ہے کہ اجلاس کے بعد مزید لائحہ عمل دیں گے۔

ادھر سندھ بار کونسل نے اعلامیہ جاری کرکے رجب بٹ کے وکیل کی جانب سے وکلاء پر مقدمہ درج کروانے کی مذمت کی۔ جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ سندھ بار کونسل سمجھتی ہے کہ وکلا کیخلاف مقدمہ کے اندراج کے کچھ اور مقاصد ہیں۔

انہوں نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر رجب بٹ و دیگر کے خلاف مقدمہ درج کریں، وکلا کے خلاف مقدمہ درج کرنے والوں کےخلاف ایکشن لیں۔ وکلا پر مقدمے کے خلاف آج صوبے بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

ملیر بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی وکلا کے مقدمے کے اندراج کی مذمت کی گئی ہے۔

اس سے قبل صدر کراچی بار کا کہنا تھا کہ وکلا پر مقدمہ درج کیا گیا، وکلا کی ایف آئی آر بھی درج کی جانی چاہیے، ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔

وکلا کی جانب سے سٹی کورٹ کے سامنے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج بھی کیا گیا جس کے باعث ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔

خیال رہے کہ سٹی کورٹ میں پیر کو یوٹیوبر رجب بٹ پر ہونے والے تشدد کے خلاف 15 سے زائد وکلا پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مقدمہ رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے تھانہ سٹی کورٹ میں درج کروایا جس میں تشدد، مار پیٹ ،جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ مقدمے میں ریاض علی سولنگی، فتح چانڈیو اور دیگرکو نامزدکیا گیا ہے۔

مقدمے میں بتایا گیا کہ رجب بٹ کے 3 لاکھ روپے بھی مار پیٹ کے دوران غائب کردیے گئے۔

واضح رہے کہ پیر کو یوٹیوبر رجب بٹ اپنی عبوری ضمانت کی سماعت کے لیے سٹی کورٹ پہنچے تھے۔ اس موقع پر یوٹیوبر ندیم نانی والا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے کہ سٹی کورٹ کے احاطے میں وکلا نے مبینہ طور رجب بٹ پر تشدد کیا۔

وکلا کا کہنا تھا کہ گزشتہ پیشی کے بعد یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنے وی لاگ میں وکلا کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی۔

وکلا نے رجب بٹ، ان کے وکیل اور ایک اور یوٹیوبر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید