• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد عالم کو موقع ملنا چاہیے، وہ بھی پاکستانی ہیں، معین خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے سیلیکٹرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پریوینشن آف بلائنڈ نیس (POB) ٹرسٹ اسپتال آنکھوں کا اچھا اسپتال ہے، سیلیکٹرز کو بھی یہاں سے اپنی آنکھوں کا معائنہ کروانا چاہیے۔

سیلیکٹرز میرٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو منتخب کریں، میرٹ کو نظرانداز کرنے سے ہماری ساکھ خراب ہو رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریوینشن آف بلائنڈ ٹرسٹ (پی او بی) کے زیر اہتمام سفید موتیا کے مفت آپریشن کیمپ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر پی او بی کے چئیرمین ڈاکٹر مصباح العزیز، ڈاکٹر شایان شادمانی اور شارق جعفری بھی موجود تھے۔

معین خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آنکھوں کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے، پری وینشن آف بلائنڈنیس ٹرسٹ اسپتال روشنی بانٹ رہا ہے، کم ہی ادارے پی او بی جیسا کام کر رہے ہیں۔

ہفتہ وار منعقدہ آئی کیمپ میں رواں ہفتے سفید موتیا کے 300 مریضوں کی فہرست مرتب کی گئی تھی جن کا اتوار کے روز مفت آپریشن کیا گیا، آپریشن کے بعد پی او بی اسپتال کی جانب سے مریضوں کو ادویات بھی مہیا کی گئیں۔

سابق کرکٹر معین خان نے کرکٹ پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فواد عالم بار بار اچھی کارکردگی دکھا کر سیلیکٹرز کو بتا رہے ہیں کہ مجھے چانس دو، فواد عالم ایسی عمر میں ہے کہ اسے موقع ملنا چاہیے، وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بھرپور کارکردگی دکھا چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فواد عالم کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، وہ بھی اس ملک کے کھلاڑی ہیں۔

معین خان نے سیلیکٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ پی او بی آنکھوں کا اچھا اسپتال ہے، سیلیکٹرز کو اپنی آنکھوں کا معائنہ یہاں سے کرانا چاہیے۔

سابق کپتان کے مطابق میرٹ پر فیصلے نہ کرنے کی وجہ سے ہماری ساکھ اور  کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی او بی جیسے ادارے کم ہی ہوتے ہیں جو فلاحی کام اتنی جدت کے ساتھ کر رہے ہیں، شہر کے مخیر افراد کو آگے بڑھا کر اس کار خیر میں حصہ لینا چاہیے۔

پی او بی کے چیئرمین ڈاکٹر مصباح العزیز نے معین خان کو اسپتال کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ سالانہ 18 ہزار آپریشن رفاحی بنیادوں پر کرتے ہیں، جدید مشینری سے آراستہ اس اسپتال میں مریضوں کی خدمت کا کام پانچ برس سے جاری ہے۔

پریوینشن آف بلائنڈنیس ٹرسٹ کے سیکریٹری ڈاکٹر شایان شادمانی نے اس موقع پر بتایا کہ آئندہ سال پی او بی ٹرسٹ موتیے کے 35000 اور دیگر امراض کے دس ہزار آپریشن کریں گے، جبکہ ان کا ارادہ ہے کہ کراچی کے ہر ڈسٹرکٹ میں پی او بی ٹرسٹ اسپتال قائم کیا جائے۔

تازہ ترین