• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس: پیپلز پارٹی ویمن ونگ کے زیراہتمام قائد اعظم کی 149ویں سالگرہ منائی گئی

بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کا 149واں یوم پیدائش پیرس میں نہایت عقیدت و احترام اور شایانِ شان انداز میں منایا گیا۔ خوبصورت، باوقار اور یادگار تقریب کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ فرانس کی صدر روحی بانو نے کیا۔

تقریب میں ہر مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھرپور شرکت کی اور بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ 

نمایاں شرکاء میں معروف انٹرنیشنل فیشن ڈیزائنر نیناں خان، ناصرہ خان، معروف سماجی و مذہبی شخصیت عالیہ مرتضیٰ، ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سابقہ صدر ستارہ ملک، پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی جنرل سیکرٹری سارہ کرن، سینئر نائب صدر فرحت عاشق، نائب صدور فرح کریم اور فردوس شفقت، پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما صائمہ بابری اور سماجی و مذہبی شخصیت رانی کنول شامل تھیں۔

شرکاء نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی خدمات، جدوجہد اور افکار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بانیٔ پاکستان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی مثبت شناخت کو فروغ دیتے رہیں گے۔

تقریب کا آغاز سورۃ یٰسین کی تلاوت سے کیا گیا، جس کے ذریعے بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی روح کو ایصالِ ثواب پہنچایا گیا۔ جس کے بعد  رانی کنول کی جانب سے تیار کردہ ایک خوبصورت ٹیبلو پیش کیا گیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

بعد ازاں قائدِ اعظم کی 149ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ پیرس کے معروف سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری عارف کی جانب سے شرکاء میں حور چاول تقسیم کیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما روحی بانو نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی جدوجہد، دیانت داری اور اصول پسندی آج بھی ہماری رہنمائی کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ بانیٔ پاکستان کے افکار پر عمل کرتے ہوئے ملکی ترقی، جمہوریت اور سماجی انصاف کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی ویمن ونگ فرانس بیرونِ ملک بھی قائدِ کے نظریات اور پاکستان کی مثبت و روشن شناخت کو اجاگر کرتی رہے گی۔ آخر میں یہ یادگار تقریب پرتکلف ٹی پارٹی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید