• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی پچز پر فاسٹ بولرز کے لیے باؤنس نہیں ہوتا، نسیم شاہ


پنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک کرکے ٹیم پاکستان کی جیت کے اہم کردار نسیم شاہ کہتے ہیں کہ میرے والد نے مجھے مبارکباد دی، البتہ ہیٹ ٹرک کا انہیں کچھ پتہ نہیں، یہ کیا ہوتی ہے، لہٰذا وہ اس پر مجھ سے کیا بات کرتے۔

16 سال کے دائیں ہاتھ کے تیز بولر نسیم شاہ پریس کانفرنس میں گفتگو کر رہے تھے۔

پاکستانی پچز سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے نوجوان فاسٹ بولر نے  اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہاں باؤنس ویسا نہیں ہوتا، جیسا کہ ایک فاسٹ بولر گیند پھینکنے کے بعد چاہتا ہے۔

اپنی بولنگ پر بات کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ وقار یونس کی موجودگی میں سیکھنے کے عمل سے گزر رہا ہوں، وہ بطور بولنگ کوچ ہماری کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہیں اور اسے درست کرانے پر خوب کام کر رہے ہیں۔

نسیم شاہ نے بتایا کہ کوشش ہوتی ہے کہ ایک لائن پر گیند کروں اور جب گیند ریورس ہونے لگے تو اس کا خوب فائدہ اٹھایا جائے، جیسا کہ میں نے پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن کیا۔

4 ٹیسٹ میں 26.84 کی اوسط سے 14وکٹیں حاصل کرنے والے نسیم شاہ جنہوں نے پسلی کا مسل کھنچ جانے کے سبب پنڈی ٹیسٹ کے چوتھے دن گراؤنڈ میں آنے سے گریز کیا، کہتے ہیں اگر ایسا نہ ہوتا تو پانچ وکٹ کے لیے ضرور جاتا، جو میں نہیں کر سکا، ایک بولر کے لیے یہ اعزاز ہوتا ہے۔

تازہ ترین