• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار

کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار


کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے حساس ادارے کے ساتھ کارروائی کر کے کالعدم تنظیم سپاہ محمد سے تعلق کے الزام میں مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ دہشتگرد مفتی نظام الدین شامزئی کے قتل سمیت دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھا جو بم بنانے کا ماہر بھی ہے جبکہ مبینہ دہشتگرد کا ایک ساتھی 2007 میں گرفتار ہوا تھا۔

محکمہ انسداد دہشت گردی نے وفاقی حساس ادارے کے ساتھ یونیورسٹی روڈ پر محکمہ موسمیات کے قریب کارروائی کی اور ایک مبینہ دہشتگرد سلیم حیدر زیدی عرف سلیم بھائی عرف رحمان عرف رجب کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا دعویٰ ہے کہ مبینہ دہشتگرد کے قبضے سے ایک دستی بم، کالعدم سپاہ محمد کی فنڈنگ بکس، رسیدیں اور رقم برآمد کی گئی ہے۔ بتایاگیا ہے کہ گرفتار مبینہ دہشتگرد بم بنانے کا ماہر ہے، دہشت گردی کی تربیت پارہ چنار میں حاصل کی، اور اس کا کرمنل ریکارڈ 1993 سے موجود ہے، لیاری میں جلوس پر دستی بم حملے، مسجد پر دستی بم حملے، غیر ملکی باشندے کے قتل، مفتی نظام الدین شامزئی اور مفتی جمیل سمیت کئی اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا دعویٰ ہے کہ مبینہ دہشتگرد کا ساتھی اور مفتی نظام الدین شامزئی کے قتل میں ملوث ملزم حماد رضا کو 2007 میں گرفتار کیا گیا جس نے اس کا نام لیا تھا، گرفتار مبینہ دہشتگرد کا نام ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔

اس سے قبل بھی ستمبر 2015 میں پولیس نے فیڈرل بی ایریا سے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے مبینہ ملزم وصی حیدر کو گرفتار کر کے دعویٰ کیا تھا کہ وہ مفتی نظام الدین شامزئی سمیت دیگر علمائے کرام اور انسپکٹر ناصر الحسن سمیت ٹارگٹ کلنگ کی دیگر وارداتوں میں ملوث تھا جبکہ اس سے قبل بھی کراچی پولیس مفتی نظام الدین شامزئی کے قتل میں ملوث ایک مبینہ ملزم نفیس کی گرفتاری کا دعویٰ کرچکی ہے۔

تازہ ترین