• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کے چوتھے روز عمرہ کرنے والوں کی تعداد نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی عرب میں رمضان المبارک کے چوتھے روز عمرہ ادا کرنے والے زائرین کی تعداد نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

حرمین انتظامیہ کے مطابق 4 رمضان کو مجموعی طور پر 9 لاکھ 4 ہزار افراد نے عمرہ ادا کیا، جو ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ 

اس سے قبل گزشتہ سال 7 مارچ کو 5 لاکھ عمرہ زائرین کا ریکارڈ قائم ہوا تھا۔

انتظامیہ کے مطابق مطاف (خانہ کعبہ کے گرد سفید سنگِ مرمر کا کھلا صحن) کو دن بھر خصوصی طور پر عمرہ ادا کرنے والوں کے لیے مختص رکھا گیا تاکہ مناسک کی ادائیگی محفوظ اور منظم انداز میں ہو سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نمازوں کے اوقات، خصوصاً جمعہ، مغرب، عشاء، تراویح اور رمضان کے آخری عشرے میں تہجد کے دوران نمازیوں کی بڑی تعداد کے باعث رش میں اضافہ ہو جاتا ہے، اس لیے عبادت گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دستیاب صحنوں اور مختص کردہ مقامات کی طرف رخ کریں۔

مسجد الحرام کے داخلی و خارجی راستوں پر آمد و رفت کو ہدایتی سائن بورڈز کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ راہداریوں، سڑکوں اور صحنوں میں غیر ضروری اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مسجد الحرام کے اطراف ہجوم اور ٹریفک کو منظم رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک اقدامات نافذ کیے گئے ہیں اور مرکزی علاقے میں مخصوص پیدل راستے قائم کیے گئے ہیں جہاں نماز کے اوقات کے قریب گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوتی ہے۔ 

غیر مجاز موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ غیر قانونی پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کو جرمانہ اور ٹوئنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید