قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اگلے ماہ کراچی میں کھیلی جائے گی، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے کراچی ایسوسی ایشن کو ایونٹ کی میزبانی دی ہے۔
پچھلے سات سال کے دوران اس کھیل کی چھ سے زائد ٹیموں کی بندش کی وجہ سے کھلاڑیوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ان میں یو بی ایل، ایچ بی ایل، ایم سی بی، اے بی ایل، نیشنل بینک اور پی آئی اے جیسی اہم ٹیمیں شامل ہیں۔
20 سے 25 مارچ تک ہونے والے مقابلوں کے لیے اسلامیہ کلب کا انتخاب کیا گیا ہے، جبکہ حبیب پبلک اسکول کا ہال متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے۔
ایونٹ میں سندھ بلوچستان، پنجاب، کے پی کے اور اسلام آباد کے علاوہ پاکستان آرمی، واپڈا، ریلوے، ایچ ای سی اور کروماٹیکس کی ٹیمیں حصہ لیں گی، پاکستان واپڈا دونوں ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ مردوں میں 51 سالہ عاصم قریشی جبکہ سالہ شبنم بلال خواتین ایونٹ میں دفاعی چیمپئن ہیں۔
چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کے سنگل اور ڈبلز کے علاوہ مکسڈ ڈبلز کے ایونٹس ہوں گے، مردوں کے انفرادی سنگل میچز میں 94، خواتین سنگل میں 64، مردوں کے ڈبلز میں 64، مکسڈ ڈبلز میں 48 اور خواتین کے ڈبلز میں 32 سے زائد کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔