• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی کمیشن کی پاکستان سے متعلق رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش

یورپی کمیشن کی پاکستان سے متعلق رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش


یورپی کمیشن نے جی ایس پی پلس پر پاکستان کے بارے میں اپنی رپورٹ یورپی پارلیمنٹ میں پیش کردی، جس میں انسانی حقوق کمیشن کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

یورپی کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے کنونشن 27 پر عمل کے لیے قانون سازی کر کے بہتری دکھائی، تاہم قانون پر عمل درآمد میں کمزوریاں رہیں۔

اس میں کہا گیا کہ زمینی حقائق جاننے کے لیے پاکستان میں مستند ڈیٹا دستیاب ہونا ایک مسئلہ ہے۔

اس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اظہار رائے، میڈیا پر پابندیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور صحافیوں کے خلاف جرائم پر تشویش ہے۔

یورپی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں سزائے موت کا قانون ختم کرنے کے لیے کوئی قانونی سازی نہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے غیر ملکی این جی اوز کی رجسٹریشن، خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دی۔

اس میں تجویز پیش کی گئی کہ جبری گمشدگیاں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی روک تھام کے لیے پاکستان سنجیدہ کوششیں کر کے قانون سازی کرے جو احسن اقدام ہوگا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے اداروں کی سفارشات پر عمل درآمد پاکستان کے لیے اہم ہے، پاکستان کو اپنی پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے شفاف اور مضبوط ادارہ جاتی نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

یورپی کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان بین الااقومی اور مقامی قوانین پر عمل درآمد کے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے وفاق اور صوبوں میں تعاون بہتر بنانے کے لیے سیل بنائے جبکہ مرکز اور صوبوں کے درمیان تعاون ہر حال میں بڑھایا جائے۔

رپورٹ میں اقوام متحدہ کی سفارشات کی روشنی میں انسانی حقوق کمیشن کو مضبوط کر نے کا بھی کہا گیا ہے۔

تازہ ترین