کراچی ( اسٹاف رپورٹر)این 245کے ضمنی الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار محمد کمال اور ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں نارتھ ناظم آباد ٹائون کی یوسی 16تکون پارک ، یوسی 17اسلم مارکیٹ بلاک Dاور یوسی 23عرفان ٹائون میں کارنر میٹنگز سے خطاب کیا جبکہ ارکان قومی اسمبلی آصف حسنین ، محبوب عالم ، شیخ صلاح الدین ، ارکان سندھ اسمبلی حاجی انور ، جمال احمد کے علاوہ علاقے کے نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،کارنر میٹنگزسے خطاب کرتے ہوئے محمد کمال نے کہاکہ شہرمیں دو حلقوں میں ضمنی الیکشن ہورہے ہیں اور دونوں حلقوں میں ایم کیوایم کی زبردست انداز میں انتخابی سرگرمیوں کے علاوہ کسی کی انتخابی سرگرمیاں دکھائی نہیں دے رہی ہیں اور نہ ہی عوامی رجحان اس جانب دیکھنے میں آرہا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کراچی کے عوام صرف اور صرف قائد تحریک الطاف حسین پر ہی اعتماد رکھتے ہیں اور ان کی قیادت میں ہی مظلوم قومیتوں کا حصول چاہتے ہیں ، آصف حسنین اور محبوب عالم نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین ان تمام قوتوں سے بر سرپیکار ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو اپنے مفادات پر مبنی نظام میں جکڑ رکھا ہے اور سیاسی ، جمہوری نظام اور آئین و قانون سے خود کو ماورا تصور کررہے ہیں ۔دریں اثنا رابطہ کمیٹی کی رکن زرین مجید نےنارتھ ناظم آباد ٹائون آفس کا دورہ کیا اور2اپریل کو حیدر ی مارکیٹ پر ہونے والے انتخابی جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا ، علاوہ ازیں ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کی رکن شمع منشی نے شعبہ خواتین کے ہمراہ نارتھ ناظم آباد ٹائون کی یوسی 23کا دورہ کیا اورگھر گھر جاکر خواتین سے رابطہ کیا ۔