• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی بجٹ نہیں آئے گا، پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات مکمل

منی بجٹ نہیں آئے گا، پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات مکمل


پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز ( آئی ایم ایف ) کے درمیان مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کی معاشی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور آئی ایم ایف کے مشن برائے پاکستان کے چیف نے سربراہی کی ۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق مذاکرات کے درمیان طے پایا کہ جون 2020ء سے پہلے نئے ٹیکس نہیں لگائے جائیں گے، اس دوران منی بجٹ بھی نہیں آئے گا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے وفود نے اتفاق کیا کہ پاکستان کے ٹیکس وصولوں کے اہداف میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی، اسے اجازت ہوگی کہ وہ اس دوران نیا ٹیکس نہ لگائے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران کہا گیا کہ سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد نہیں کی جائے گی بلکہ وہ 17 فیصد ہی رہے گی، ٹیکس وصولوں کا ہدف 5238 ارب روپے ہی رہے گا اور نجکاری کے طریقہ کار پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

مذاکرات کے دوران اتفاق کیا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان 400 ارب روپے کا نان ٹیکس ریونیو اکٹھا کرے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا مذاکراتی وفد پاکستان کو 45 کروڑ ڈالرز کی اگلی قسط جاری کرنے کی سفارش کرے گا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق دونوں فریقین 10 روزہ مذاکرات کا الگ الگ اعلامیہ جاری کریں گے۔

تازہ ترین