کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اکتوبر میں پہلی پاکستان سپر ہاکی لیگ کے انعقاد کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس حوالے سے فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ( ر) خالد کھوکھر اور سکریٹری جنرل آصف باجوہ نے مختلف اداروں سے اسپانسر شپ کے لئے رابطہ کیا ہے۔ سکریٹری نے چند روز قبل کراچی میں اہم شخصیات سے ملاقات کی ہے۔لیگ کیلئے صوبائی حکومتوں سے مالی تعاون کی درخواست کی جائے گی۔ ایونٹ میں ایک مین اسپانسر کے علاوہ چار شریک اسپانسرز بھی ہوں گے، پی ایس ایل کے بعد فیڈریشن کے آفیشلز چھ فرنچائز ٹیموں کے لئے پی ایس ایل کی فرنچائز حکام سے بھی ملیں گے اور ان سے ہاکی فرنچائز کے سلسلے میں تعاون کی درخواست کریں گے۔