معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے ایوان میں نامناسب الفاظ کے استعمال پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ دِنوں کراچی سے منتخب ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل کی جانب سے ایوان میں نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اِس حوالے سے گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا کہ ’حیر ت ہوتی ہے یہ دیکھ کر کہ ہمارے سیاستدان ایک دوسرے پر ذاتی حملہ کرتے ہیں جو کہ غلط ہے اور یہ کہیں بھی ناقابلِ قبول ہے۔‘
مہوش حیات نے لکھا کہ ’پارلیمنٹ کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے ایک سطح کی ضرورت ہوتی ہے اور ایوان میں اپنے مسائل پیش کرنے کے اِس سے بہتر طریقے بھی ہوسکتے ہیں۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’مستقبل میں مناسب اقدامات کے لیے ضروری ہے کہ اِس پر سینسر لگایا جائے۔‘
دوسری جانب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سید قلب حسن اور وائس چئیرمین پنجاب بار کونسل عابد ساقی نے پارلیمنٹ میں ارکان کے نامناسب جملوں اور شدید رویوں پر اظہار تشویش کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پارلیمنٹ قومی امور پر تبادلہ خیال اور حل تلاش کرنے کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ نوجوان نسل منتخب نمائندوں کو اپنے قائد کی حیثیت سے دیکھتی اور طرزِ زندگی اپنانا سیکھتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ایسی جگہ نہیں ہے جہاں ساتھی ارکان کو کوسا جائے یا اُن سے بدسلوکی کی جائے۔ ہمارے مسائل کا حل دوسروں کو صبر سے سُننے اور پارلیمنٹ کے اندر صحت مند مباحثوں میں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے ایوان میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر سے اور اجلاس میں موجود دیگر ممبران سے گفتگو کے دوران نامناسب الفاظ اور جملے استعمال کیے تھے جس پر اسپیکر نے بھی پی پی پی رہنما کو متنبہ کیا تھا۔