• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو کا کیس ن لیگ کے دور میں بنا تھا، فواد چوہدری

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جس کیس میں بلاول پیش ہورہے ہیں یہ ہمارا بنایا ہوا نہیں ہے بلکہ بلاول بھٹو کا کیس ن لیگ کے دور میں بنا تھا۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کے قانون میں کوئی سقم ہے تو ہم اس پر بات کرنے کو تیار ہیں۔ 

اُنہوں نےکہا کہ جمہوریت میں ایک دوسرے کو برداشت کرکے چلنا ہوتا ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے طویل عرصے تک حکومت کی ہے اب پانچ سال کسی اور کی حکومت بھی برداشت کرلیں۔

اُنہوں نے کہا کہ دونوں بڑی اپوزیشن جماعتیں مسودے پر الجھ رہی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ انتظار کررہے تھے کہ اپوزیشن مہنگائی پر کوئی ٹھوس تجویز لائے گی۔اپوزیشن کی کارکردگی معیشت کے حوالے سے مایوس کن ہے۔پارلیمنٹ میں ذاتیات پر اُتر آئیں تو ماحول خراب ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شاہد خاقان پندرہ سال کے لیے ایل این جی کا معاہدہ کیوں کرکے گئے تھے، ن لیگ کو چاہیے تھا کہ وہ بتاتے کہ ایل این جی پر 15 سال کے معاہدے کیوں کیے۔

اُنہوں نے  مشیر خزانہ کی قومی اسمبلی میں تقریر کی تعریف کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف قرضے 6 ہزار ارب سے بڑھا کر 24 ہزار ارب کرکے چلے گئے۔آصف زرداری پر اربوں روپے کی کرپشن کے مقدمے ہیں،نیب پر حکومت کا کوئی اختیار نہیں ہے،آصف زرداری پر بنائے گئے کیسز ہمارے دور کے نہیں۔

انہوں نے بجلی مہنگی ہونے کے اھوالے سے سوال پر کہا کہ بجلی اس لیے منہگی ہے کیونکہ نوازشریف نے آئی پی پیز سے مہنگے داموں معاہدے کیے۔

تازہ ترین