امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آج ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والا آدمی مہنگائی سے پریشان ہے، قوم کو تلقین ہے کہ مہنگائی کے خلاف خاموش نہ رہیں اور باہر نکلیں۔
ہم ترکی کے صدرطیب اردوان کو پاکستان آنے پرخوش آمدید کہتے ہیں، ترک صدر ہمارے وزیراعظم کو سمجھائیں کہ معاشی بحران سے کیسے نکلا جاسکتا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں مہنگائی کےخلاف جماعت اسلامی کے تحت ہونے والے مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان روز جھوٹ بولتی ہے اور غلط اعداد و شمار بتاتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ آئی ایم ایف کےساتھ تمام معاہدے فوری ختم کیےجائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دائیں، بائیں کچھ ایسے عناصر موجود ہیں جو اپنی کمائی کررہے ہیں، قوم کی جیبوں پر اس حکومت نے ڈاکا ڈالا ہے، جماعت اسلامی 20 فروری کےبعد کراچی تا خیبر مہنگائی کےخلاف تحریک چلائےگی۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ تبدیلی کا نعرہ اب قبر کے سکون میں تبدیل ہو چکا ہے، 18 مہینوں بعد بھی اس حکومت کا کوئی قبلہ نظر نہیں آرہا۔