• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کیخلاف جنگ، سینیٹ نے بھی ٹرمپ کے ہاتھ باندھ دیے

ایران کیخلاف جنگ، سینیٹ نے بھی ٹرمپ کے ہاتھ باندھ دیے


امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کانگریس کی اجازت کے بغیر ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے روکنے کی قرارداد منظور کرلی۔

قرارداد کے حق میں 55 جبکہ مخالفت میں 45 ووٹ ڈالے گئے، 8 ری پبلکن سینیٹرز نے بھی قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالا۔

قرارداد کے مطابق امریکی صدر کو ایران کیخلاف جنگ کی صورت میں کانگریس سے منظوری لینا پڑے گی اور جارحیت میں ملوث امریکی فوجیوں کو واپس بلانا پڑے گا۔ امریکی صدر نے ایسی کسی بھی قرارداد پر ووٹنگ سے خبردار کیا تھا، اور وائٹ ہاؤس نے قرارداد کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی تھی۔

سینیٹ نے یہ اقدام ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو امریکا کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے 40 ویں روز کیا ہے۔

ایران میں جنرل قاسم سلیمانی کے چالیسویں پر تعزیتی تقریب انعقاد کیا گیا اور ریلی بھی نکالی گئی جس میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے رتی برابر بھی غلطی کی تو ایران دونوں ملکوں کو نشانہ بنائے گا۔

واضح رہے کہ 3 جنوری کو عراق میں امریکا کی جانب سے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں قاسم سلیمانی سمیت 6 افراد کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت ہوئی تھی ۔

تازہ ترین