• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL کوریج ، پی سی بی اور غیر ملکی کمپنی ایس این ٹی وی میں شراکت داری کا معاہدہ طے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کا پاکستان سپر لیگ کی کوریج کے لیے غیر ملکی کمپنی اسپورٹس نیوز ٹیلی ویژن (ایس این ٹی وی )میں شراکت داری کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ دنیا بھر کے نیوز براڈکاسٹرز کو 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ کے تمام میچز کی جھلکیوں تک رسائی ممکن ہوگی۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے تمام 34؍ میچوں کی جھلکیوں کے علاوہ ایس این ٹی وی کو میچ کے اختتام پر پریس کانفرنس کور کرنے کی اجازت بھی ہوگی۔ واضح رہے کہ ایس این ٹی وی کی جانب سے فراہم کیا جانے والا تمام مواد صرف ایڈیٹوریل مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس حوالے سے نیوز براڈکاسٹرز کو مذکورہ مواد سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ایس این ٹی وی دنیا کی معروف نیوزایجنسی ہے۔ 1996 کو قائم ہونے والی یہ نیوز ایجنسی دنیا بھر کے 115 سے زائد ممالک میں اپنی سروسز فراہم کرتی ہے۔ جو دن کے 24 گھنٹوں میں دنیا بھر کے 1200صحافتی اداروں کو ڈیجٹل مواد فراہم کرتی ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کی وسیع و عریض کوریج کے لیے دنیائے اسپورٹس کی ایک معروف کمپنی"ایس این ٹی وی" کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نئی شراکت داری پاکستان کرکٹ بورڈکو دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں تک پہنچنے کا ذریعہ فراہم کرے گی۔
تازہ ترین