• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستان، ترکی میں حلال ایکریڈیشن میں تعاون کے ایم او یو پر دستخط، صنعتی، ای کامرس میں جوائنٹ وینچرز پر اتفاق

پاکستان، ترکی میں حلال ایکریڈیشن میں تعاون کے ایم او یو پر دستخط


اسلام آباد (نمائندہ جنگ،اے پی پی) ترکی کے صدر طیب ایردوان کے دورہ پر تجارت ، انجینئرنگ ، توانائی ، سیاحت ، تعمیرات ،دفاع ، آئی ٹی سمیت متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیںگے، جمعرات کوپاکستان اور ترکی کے تجارت اور سرمایہ کاری کے جوائنٹ ورکنگ گروپ نے مفاہمت کی دو یادداشتوں کو حتمی شکل دی، پاکستان اور ترکی کے وفد کے مابین اسلام آباد میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا ۔ دونوں ممالک کے وفد نے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے متعدد مواقع تلاش کئے گئے۔ مشترکہ ورکنگ گروپ نے دو مفاہمت کی یادداشت کو بھی حتمی شکل دی جس میں تجارتی سہولت اور کسٹم تعاون کے معاملات کے معاہدے پر مفاہمت شامل ہےاور حلال ایکریڈیشن میں باہمی تعاون کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے ، جمعرات کو ہونیوالی تقریب میں مشیر امور تجارت عبدالرزاق دائود اور سیکرٹری تجارت احمد نواز سکھیرا بھی شریک ہوئے، یہ تقریب وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقد ہوئی ، فریقین نے صنعتی اور ای کامرس کے شعبوں میںجوائنٹ وینچرز پر بھی اتفا ق کیا ، ذرائع کے مطابق پاکستان اور ترکی کے مابین پانچ سالہ اکنامک فریم ورک کیلئے روڈ میپ تیار کیا گیا ہے،فریم ورک میں تجارت،سرمایہ کاری،اور ٹیکنالوجی میں اضافہ کیا جائے گا،اس فریم ورک پر عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ کی جائے گی جن شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے ان میں تجارت ،دفاع ، سیاحت اور ثقافت،زراعت کی ترقی ، ،توانائی ،انفارمیشن ٹیکنالوجی ، آٹو موٹیو ، کیمکلزاورتعمیرات شامل ہیں۔دریں اثناصدر مملکت عارف علوی اور ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اور ترکی ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفاد کے امور پر باہمی تعاون جاری رکھیں گے، انہوں نے پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات کی بے پناہ صلاحیتوں کو مکمل طور پر سمجھنے اور اس کو ایک مضبوط اور متحرک تجارتی اور معاشی شراکت میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، دونوں ممالک کے صدور نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکی کو اسلام فوبیا سمیت امت کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنےکیلئے مل کر کام کرنا جاری رکھنا چاہئے۔ ترک صدر طیب ایردوان نے جمعرات کو ایوان صدر میں صدر عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدر علوی نے صدر ایردوان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین بہتر اور کثیر الجہتی تعلقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس سے پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور ان کو وسعت ملے گی۔ دونوں رہنمائوںنے پاکستان اور ترکی کے درمیان سیاسی، معاشی، ثقافتی، دفاع اور عوام کی سطح پر رابطوں سمیت تاریخی دوطرفہ تعلقات کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کیا۔ صدر علوی نے ترک صدر کو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا اور انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں ان کے اصولی موقف پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر علوی نے افغانستان میں قیام امن اور مفاہمت کیلئے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو افغانستان میں شورش کے بعد تعمیرنو میں اپنی مدد کو بڑھانا چاہئے۔

تازہ ترین