• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حراسگی کا موضوع تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے،مرتضیٰ وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ حراسگی صرف کام کرنے کی جگہوں پر نہیں بلکہ پورے معاشرے میں ہے، محکمہ تعلیم نصاب میں اس موضوع کو شامل کرے، ہم سب اگر اپنا اپنا کردار ادا کریں تو ہراساں کرنے کے واقعات نہیں ہوں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کی جانب سے سندھ بوائے اسکائوٹ آڈیٹوریم میں سندھ کے نجی اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کی جانب سے اسکولوں میں پڑھنے والے دوسرے طلباء و طالبات کو ہراساں اور دھمکانے کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ میں کیا۔ ورکشاپ میں نجی تعلیمی اداروں کے 400 سےزائد ایڈمنسٹریٹرز، پرنسپلز اور اساتذہ نے شرکت کی۔ رجسٹرار پرائیویٹ اسکولز پروفیسر رفیعہ ملاح نے استقبالی کلمات پیش کئے جس میں انہوں نے موضوع اور ورکشاپ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بے ویو اکیڈمی کے ایڈمنسٹریٹر شاہ پور جمال نے ورکشاپ کے موضوع پرپریزنٹیشن دی جسے حاضرین نے بے حد سراہا، اس موقع پر پینل میں شامل مہتاب اکبر راشدی، سائیکوتھراپسٹ ڈاکٹر شازیہ خان اور شاہ پور جمال نے حاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے۔ ورکشاپ میں اسپیشل سیکرٹری تعلیم رافیعہ حلیم، ایڈیشنل سیکرٹری پرائیویٹ اسکولز الطاف سومرو اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری پرائیویٹ اسکولز الطاف سومرو نے ورکشاپ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس نوعیت کے پروگرامز کا انعقاد وقتاً فوقتاً ہوتے رہنا چاہئے۔ ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکولز ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے اپنے اختتامی کلمات میں مہمان خصوصی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، مشیروزیراعلیٰ سندھ برائے قانون اور تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمان کا شکریہ ادا کیا اور اس پروگرام کے کامیاب انعقاد پر رفیعہ ملاح، محمد افضال اور اخلاق احمد کا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد دی۔
تازہ ترین