آپ کے گھر کا داخلی راستہ آپ کی رہائش گاہ کے اندرونی حصے تک پہنچنے کا ذریعہ ہوتا ہے۔ دراصل آپ کے گھرکا داخلی راستہ (اینٹرینس) آپ کی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔ انٹیریئر ڈیزائننگ کے ماہرین داخلی راستے کے لیے ڈیزائن اور آرائش کی اہمیت پر زور دیتے ہیں کیونکہ یہ آپ کے گھر کا پہلا تاثر پیش کرتا ہے اور اس لحاظ سے اس کا متاثر کن ہونا ضروری ہے۔ آپ کے گھر کا داخلی راستہ ایسا ہونا چاہیے کہ جو بھی مہمان آئے وہ دنگ ر ہ جائے۔ اس کے لیے کون سے اندازاپنائے جاسکتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔
قدرتی تاثر
گھر کے داخلی راستے کے لیے قدرتی عناصر کا امتزاج حیرت انگیز کام کرتا ہے۔ ا گر آپ لکڑی یا بانس سے بنا آرائشی سامان اور تازہ پھولوں سے مزین گملے داخلی راہداری کے دونوں طرف لگادیں تو یہ اس جگہ کو قدرتی خوبصورتی اور ماحول عطا کریں گے۔ لکڑی کے دروازےمیں اگر شیشے سے بنے جھروکے ہوں تو وہاں سے باغیچے کا منظر یا اس میں سےچھن چھن کرتی سورج کی روشنی داخلی راستے کو روشن اور دلکش بناسکتی ہے۔
جدید اور کلاسک کا امتزاج
آپ اپنے گھر کے داخلی راستے کو جدید اور کلاسک رجحانات کے امتزاج سے بھی مزین کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر داخلی راستے پر آپ کسی جدید طرز کے فریم میں ایک پرانی تصویر لگا سکتے ہیں یا پھر موجودہ عہد کی باتوں اور اقوال پر مشتمل ایک وضع دار ٹیبل لگا سکتےہیں اور بیک ڈراپ میں کوئی تاریخی منظر یا وال پیپر لگا کر اسے منفرد بنا سکتے ہیں۔ بنیادی خیال یہ ہے کہ ایسے عناصر کو ملایا جائے جو بہترین امتزاج سامنے لائیں اور دیکھنے والے داد دیے بغیر نہ رہ سکیں۔
ایک رنگ کا غلبہ
غالب رنگ ہونا ایک اچھوتا خیال ہے، اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ آپ داخلی دروازے کو سرخ، پیلے یا سبز رنگ میںنہلا دیں۔ مقصد یہ کہ ایک بنیادی رنگ لے کر اس کے مختلف شیڈز سے داخلی دروازے کو سجاناایک اچھا نقطہ آغاز ہو سکتاہے۔ مثال کے طور پر اگر نیلے رنگ کو بنیادی رنگ بنایا جائے تو اس رنگ کے وال پیپرز، آرائشی بیلوں اور قالین کو بھی داخلی راستے کا حصہ بنا دیا جائے۔ سجاوٹ کا یہ انداز ایک دلکش تھیم کو سامنے لاتاہے، جو دیکھنے والوں پر خوشگوار اثر چھوڑتا ہے۔
ریٹرو اسٹائل
پرانے یا کلاسک ٹرینڈ یا پرانے زمانے کی یادگار وں کو ریٹرو بھی کہا جاتاہے، جیسے ٹیپ ریکارڈر یا گراموفون آج کے زمانے کے لیے ریٹرو ہیں۔ ریٹرو فرنیچر کا ایک ٹکڑا آپ کے گھر کے داخلی راستے میں نئی جان ڈال سکتاہے، جیسے کہ لالٹین یا لالٹین کی طرز کے لیمپ یا ایک وضع دار اور روشن سائیڈ بورڈ۔ یہ تمام چیزیں آپ کے گھر کے داخلی راستے کو منفرد بنانے کے لیے بہترین ثابت ہو سکتی ہیں۔
روشنیوں کا انتظام
گھر کی ڈیزائننگ میں لائٹنگ بہت اہمیت اختیا ر کرجاتی ہے۔ بیرونی حصہ ہو یا اندرونی، ہر جگہ کو روشنی کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم گھر کے داخلی راستے کے لیے خصوصی روشنی درکار ہوتی ہے۔ تیز اور ڈیزائنر لائٹس داخلی راستے میں نمایاں نظر آتی ہیں جبکہ لٹکے ہوئے بلب یا فانوس سجے ہوئے دالان میںدلکشی پیدا کرتے ہیں اور خوب روشنی نچھاور کرتے ہیں۔ ایک اور حیرت انگیز خیال آئینے کے استعمال کا بھی ہے جو روشنیوں کو منعکس کرتے ہوئے پورے داخلی راستے کو منور کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
فلیوڈ اسٹائل
ہائیڈرولک ٹائلیں ان کے امتزاجی نمونوں کے ساتھ اچھا لُک دے سکتی ہیں۔ اگر یہ داخلی دروازے اور دالان کے فرش کے ساتھ ساتھ دیوار پر بھی استعمال کی گئی ہوں تو اس سے داخلی راستے کو جمالیاتی حسن مل جاتاہے۔
کلاسیکل ٹیبل
اگر آپ داخلی راستے میں ٹیبل لگانے کے لیے کچھ کلاسیکل انداز اپنانے کا سوچ رہے ہیں تو سیاہ رنگ کی لکڑی سے تیار کی گئی سادہ سی کونسول ٹیبل ایک دلچسپ انتخاب ثابت ہو گی۔ اس ٹیبل کو آپ داخلی راستے کی کسی بھی سائڈ پر رکھ سکتے ہیں اورٹیبل کی سجاوٹ کے لیےہلکے وزن کی لکڑی کے فریم میں نصب آئینہ، دو عدد چھوٹے مرر ٹیبل، ا ن پر رکھے گلدان اور ایک عدد پکچر فریم کا انتخاب آپ کے گھر کے داخلی راستے کی رونق میں اضافہ کرے گا۔
اینٹیک اشیا
فرنیچر کا ایک پرانا یا دریافت شدہ پیس سجاوٹ کا نظریہ بدل سکتاہے یا پھر دوسرے لفظوں میں یہ داخلی راستے میں ایک نیا پن لاسکتا ہے۔
نیلے یا کتھئی رنگ کا صوفہ دلکش انداز میں داخلی راستے یا دالا ن کو نیا انداز دے سکتا ہے۔ آرٹ پیس کے ساتھ ملانے والی کرسیاں، تازہ پھول، چمکنے والی موم بتیاں اور دورِحاضر کے دیواری فریم خوبصورتی سے داخلی راستے کو پُرکشش بنادیں گے۔
بیم کی خوبصورت تھیم
ایک بڑے داخلی ہال میں خوبصورت بیم والی چھت ہو تو یقین کریں یہ آپ کے گھر کے دالان اور داخلی راستے کو بھی چار چاند لگا دے گی۔ لکڑی کے بیم سے سجی چھت کی طرح اگر داخلی راستے میں اسی لکڑی یا رنگ کی سائڈ ٹیبل اور دو کرسیاں رکھی ہوں تو یہ ایک دوسرے کو کمپلیمنٹ کریں گی۔