• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ میں لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی بل منظور


سینیٹ میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم سواتی کے پیش کردہ لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی بل منظور کرلیا گیا۔

بل کے متن کے مطابق حکومت لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی قائم کرے گی جس کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہوگا ۔

بل کے مطابق اتھارٹی کا ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی) ہائی کورٹ کے جج کی قابلیت رکھتا ہوگا، اتھارٹی قانونی اور مالی معاملات پر پالیسی ،اصول اور گائیڈلائز مرتب کرے گی ۔

اتھارٹی حکومت کو شفاف ٹرائل اور قانون کے صحیح عمل کے حوالے سے مشاورت فراہم کرے گی اور قانونی نظام میں معاونت کے حوالے سے آگہی مہم چلائے گی۔

بل کے متن کے مطابق اتھارٹی تنازعات کے مذاکرات، ثالثی کے ذریعے حل کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

بل کے مطابق اگر کوئی شخص کرمنل کیس کے اخراجات نہیں اٹھاسکتا ہو تو اتھارٹی اس کی قانونی اور مالی معاونت کرے گی ،اس حوالے سے کوئی بھی شخص اتھارٹی سے درخواست کرسکتا ہے۔

بل کے متن کے مطابق مالی و قانونی معاونت میں ترجیح محروم خواتین ،بچوں خصوصاً جنسی استحصال کا شکار ،بچوں اور خواتین کو دی جائے گی ، اگر درخواست گزار معاونت کے حصول کا اہل نہیں ہوا تو اس کی مالی و قانونی معاونت ختم کردی جائے گی۔

بل کے متن کے مطابق اتھارٹی فیس اور سفر کے اخراجات ادا کرے گی ،اس حوالے سے قانونی معاونت اور انصاف اتھارٹی فنڈز قائم کیا جائے گا، فنڈز وفاقی ،صوبائی ، مقامی حکومتوں ،بین الاقوامی اتھارٹیز ،ایجنسز اور دیگر ذرائع فراہم کریں گے۔

تازہ ترین