• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستانی معیشت میں بہتری توقعات سے بڑھ کر، مذاکرات نتیجہ خیز رہے، مہنگائی میں کمی ہونی چاہئے، آئی ایم ایف

پاکستان سے مذاکرات نتیجہ خیز، مہنگائی کم ہونی چاہئے، آئی ایم ایف


اسلام آباد ( مہتاب حیدر ، تنویر ہاشمی)آئی ایم ایف نے کہاہےکہ پاکستانی معیشت میں بہتری توقعات سے بڑھ کر، مذاکرات نتیجہ خیز رہے، مہنگائی میں کمی ہونی چاہیے،ایکسچینج ریٹ مارکیٹ ریٹ کے مطابق ہے،زر مبادلہ کے ذخائر میں توقع سے زیادہ اضافہ ہوا ،جاری کھاتوں کا خسارہ کم ہورہا ہے،ترقیاتی اور سماجی اخراجات میں اضافہ ہوا، گزشتہ چند ماہ میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی، ٹھوس معاشی پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے۔

ادھر ڈاکٹر وقار مسعود کاکہناہےکہ امید ہے آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات جلد مکمل کرلیے جائینگے، پروگرام ناکام ہوا تو مایوسی ہوگی۔

تفصیلات کےمطابق آئی ایم ایف اعلامیہ میں کہاگیا ہےکہ پاکستان کی جانب سے پروگرام پر عملدرآمد کےلیے پائیدار پیش رفت کی صورت میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ جائزے کی تکمیل کو زیر غو ر لائے گا، آئی ایم ایف کے اعلامیہ میں محتاط انداز میں کہا گیا ہےکہ دسمبر تک کے اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں لیکن مستقبل کی پروجیکشن کا کوئی ذکر نہیں کیونکہ فریقین اسٹاف سطح کے معاہدے کو حتمی شکل نہیں دے سکے۔ 

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف نےریونیو ہدف میں کمی کے ایف بی آر کے مطالبے سے اتفاق نہیں کیا اور وزیراعظم بھی یہ اعلان کر چکے ہیں کہ گیس اور بجلی کی قیمتوںمیں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، دی نیوز نے آئی ایم ایف کی ریذیڈنٹ نمائندہ ٹریسا سانچز دابن کا موقف جاننے کی کوشش کی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا تاہم اس حوالے سے ڈاکٹر وقار مسعود سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ مذاکرات جلد مکمل کر لیے جائیں گے تاہم اگر اس میں کامیابی نہیں ہوتی اور آئی ایم ایف پروگرام ناکام ہوتا ہے تو یہ مایوس کن ہوگا۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کے دورے اور مذاکرات کے بعد اپنے جاری اعلامیہ میں کہا کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی اور اصلاحات پروگرام پر قابل ذکر پیش رفت ہوئی ، پاکستان کے دورے پر آنیوالی آئی ایم ایف اسٹاف ٹیم نے دورے کی تکمیل پر اعلامیہ جاری کر دیا ، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے اصلاحات کے حوالے سے گزشتہ چند ماہ میں خاطر خواہ پیش رفت کی اور ٹھوس معاشی پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے ، دسمبر کے آخر تک تمام مطلوبہ کارکردگی اور بنیادی اہداف حاصل کیے گئے ہیں ، اصلاحات پروگرام پر عملدرآمداور پائیدار پیش رفت پر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے لیے جائزہ کو زیر غو ر لانے کی راہ ہموار کرےگی ، عملدرآمد پروگرام کے مطابق ترقیاتی اور سماجی تحفظ کے حوالے سے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، آئی ایم ایف کے اعلامیہ کے مطابق آئی ایم ایف مشن نے ارنسٹو رامیز ریگو کی قیات میں 3فروری سے 13فروری کے دوران اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاکستانی حکام کے ساتھ 6ارب ڈالر کے قرضہ ( توسیع فنڈسہولت) کے تحت معاشی اصلاحات پروگرام کے دوسرے سہ ماہی جائزہ کےلیے مذاکرات کیے۔

 دورے کے اختتام پر ارنسٹو رامیز ریگو کے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ آئی ایم ایف اسٹاف ٹیم کے پاکستانی حکام کے ساتھ تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات ہوئے، آئی ایم ایف مشن سربراہ نے گزشتہ چند ماہ میں ٹھوس معاشی پالیسیوں کو جاری رکھنے اور اصلاحات کے حوالے سے قابل ذکر پیش رفت کو سراہا ، آئی ایم ایف مشن اور حکام کے مابین پالیسیوں اور اصلاحات پروگرام پر مذاکرات میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی۔

اعلامیہ کے مطابق آئندہ آنے والے دنوں میں یہ پیش رفت جاری رہے گی تاکہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ جائزہ کو زیر غور لائے، پاکستان کا میکرو اکنامک آؤٹ لک وہی ہے جو پہلے جائزے کے موقع پر تھا ، معاشی سرگرمی مستحکم ہے اور بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہو رہا ہے ، جس سے حقیقی ایکسچینج ریٹ ( کرنسی کی قدر) میں مدد ملی ایکسچینج ریٹ زیادہ تر بنیادی اصولوں کے مطابق ہے، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر توقع سےقدرے زیادہ تیزی سے بڑھ رہے ہیں ، افراط زر ( مہنگائی ) میں کرنسی کی قدر میں کمی اثرات سے باہر نکل رہی ہے اور مہنگائی میں کمی کا رحجان شروع ہوناچاہئے ، اوراشیاء کی سپلائی میں حائل رکاوٹیں عارضی ہیں ، رواں مالی سال کی پہلے 6ماہ میں مالیاتی کارکردگی مضبوط رہی ، مقامی ٹیکس ریونیو میں اضافے سے پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 0.7فیصد رہا ۔

تازہ ترین