اسلام آباد (مہتاب حیدر) دو ماہ کے اندر قیمتیں ہر صورت میں کم کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے تحت وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے جمعہ کو تمام متعلقہ وزارتوں سے کہا ہے کہ وہ مکمل اقدامات بروئے کار لائیں۔ اسد عمر آئندہ پیر کو مجوزہ اقدامات پر وزیراعظم کو پریزنٹیشن دیں گے۔ وزارت فوڈ سیکورٹی کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ اجلاس میں گھی اور خوردنی تیل پر جی ایس ٹی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مذکورہ وزیر نے ایسی خوردنی اشیاء جن کی مقامی مارکیٹوں میںگرانی کا خدشہ ہو، ان کی برآمد پر پابندی کی تجویز دی ہے جس میں پیاز بھی شامل ہے۔ انہوں نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو اشیاء تھوک قیمتوں پر خریدنے کی ہدایت کی اور بتایا کہ قیمتوں میں کمی رواں ماہ فروری سے آنا شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔