گورنرسندھ عمران اسماعیل، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائزہ نے نعیم الحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ نعیم الحق وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست اور پارٹی کا اثاثہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں نعیم الحق کو 27 ،28 برس سے جانتا ہوں، جب سے عمران خان سے ملاقات ہوئی اور مجھے یہ بھی معلوم تھا کہ وہ خان صاحب کے ساتھ اس سے 20 برس پہلے سے تھے۔
محمد زبیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نعیم الحق کی فیملی کو صبر جمیل دے اور انہیں جوارِ رحمت میں جگہ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق بہت ہی بہت مہذب انسان، اپنی سیاسی فکر سے مضبوط تعلق رکھنے والے کارکن تھے۔
محمد زبیر نے کہا کہ نعیم الحق نے پی ٹی آئی میں جو مقام حاصل کیا وہ عمران خان کے دوست کے حیثیت سے نہیں بلکہ سیاسی سوچ پر یقین اور مسلسل عمل کی وجہ سے حاصل کیا۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نعیم الحق پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنماؤں میں شامل تھے، ان کے انتقال کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق عمران خان کے ابتدائی دنوں کے ساتھی تھے، سیاسی جدوجہد رکھنے والے حقیقی کارکن تھے۔