کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے حکام کی کوششوں سے سندھ پولیس ہاکی ٹیم کی بندش رک گئی۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے سندھ پولیس ہاکی ٹیم کو ٹریننگ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت کے ایچ اے کے وفد سے ملاقات میں کی جس میں قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سمیع اللہ، حنیف خان،کے ایچ اے کے سکریٹری سید حیدر حسین اور مرزا اقبال بیگ شامل تھے، اس موقع پر وفد کی نشاندہی پر آئی جی سندھ نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے سندھ پولیس ہاکی گراؤنڈ گارڈن ویسٹ کی ازسرنو بحالی کی ہدایات بھی دیں۔ سابق کپتانوں نے کہا ہے کہ کھیلوں کی ترقی کے لئے آئی جی سندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔