• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کبڈی میں شاہینوں نے بھارت کو شکست دیکر قوم کے دل جیت لئے، فنکار

لاہور( این این آئی)فنکاروں نے پاکستان کے کبڈی ورلڈ کپ کا چیمپئن بننے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی شاہینوں نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر دل جیت لئے ہیں ،کرکٹ کے بعد کبڈی کے عالمی ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے ثابت ہو گیا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور یہاں کے لوگ کھیلوں سے پیار کرتے ہیں ۔ سینئر اداکار قوی خان ،اورنگزیب لغاری ، فردوس جمال حیدر سلطان ، ہمایوں سعید ، شعود علوی ، صوفیہ احمد، عینی طاہرہ، فضاء علی ،ثنا، میر ا ، عمران بخاری، احمد سفیان اور اسلم شیخ سمیت دیگر نے اپنے بیانات میں کہا کہ پاکستان نے کبڈی ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ ٹائٹل جیت کر پوری قوم کو تحفہ دیا ہے ۔ روایتی حریف بھارت کو شکست دینے سے اس جیت کی خوشی دوبالا ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر کھیل میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھے ہیں جو یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستانی زندہ دل قوم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی کے ورلڈ کپ کے مقابلوں کا پاکستان میں کامیاب انعقاد اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور فائنل میں جتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے اسٹیڈیم کا رخ کیا اس سے ثابت ہو گیا کہ پاکستانی کھیلوں سے پیار کرتے ہیں۔

تازہ ترین