• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز فراہم نہیں کئے جا رہے ،مئیر کراچی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کراچی کو ایک ضلع کی حیثیت ملنی چاہئے تاکہ مسائل ایک چھت تلے حل ہوسکیں۔شہر کے مختلف انتظامی و بلدیاتی اداروں کی تقسیم در تقسیم کے باعث شہریوں کا نقصان ہو رہا ہے ، ہمیں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز فراہم نہیں کئے جا رہے ہیں وفاقی حکومت سے فنڈز ملنے پر اندرونی انفر اسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے پر کام کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ضلع غربی کے علاقے بلدیہ ٹائون یوسی 33- میں جنگل اسکول تا گلشن غازی موڑ 15ہزار اسکوائر فٹ تعمیر کی گئی سڑک کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلدیہ غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، یوسی چیئرمین ، دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ ٹائون کی یہ سڑک عرصہ دراز سے تباہ حال تھی یہاں ٹریفک حادثات روز کا معمول تھے جبکہ یہاں کے مکینوں کو بے انتہا مشکلات کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے ترقیاتی کام جاری ہیں ہم نے وسائل کی کمی کو عذر نہیں بنایا اور جتنے بھی فنڈز دستیاب ہوئے انہی کاموں پر خرچ ہو رہے ہیں، منتخب بلدیاتی نمائندوں کا اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ قریبی رابطہ ہے اور ان کی مشاورت اور رہنمائی سے ترقیاتی منصوبے بنائے جاتے ہیں تاکہ ان کاموں کے ثمرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں، انہوں نے کہا کہ لوگوں کی امیدیں بلدیاتی نمائندوں سے وابستہ ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے علاقے کے مسائل جلد از جلد حل ہوں، خود ہماری بھی یہ کوشش ہے کہ لوگوں کی توقعات کے مطابق کام ہوں اور انہیں ہرممکن بہتر بلدیاتی سہولیات میسر آئیں۔
تازہ ترین