• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی اوورسیز چیپٹر ریگولیٹ کرنے میں رولز بالائے طاق رکھنے کے الزامات

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان تحریک انصاف کے دو گروپ اوور سیز چیپٹر کو ریگولیٹ کرنے میں ٹاپ لیول تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے رولز کو بالائے طاق رکھنے کے تنازع میں ایک دوسرے پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایک گروپ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے تین سینئر رہنماؤں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی سائوتھ ویسٹ یو کے کے منتخب سیکرٹری ولید حسین غیرقانونی طور پر برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں لیکن ایس سی اے ڈی (سٹینڈنگ کمیٹی آن اکائونٹیبلٹی اینڈ ڈسپلن) کی ایک انکوائری کے بعد سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سائوتھ ویسٹ یو کے کے عہدے پر بحال کر دیا گیا۔ چند ہفتے قبل ولید حسین کو پی ٹی آئی سائوتھ ویسٹ یو کے کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے معزول کردیا گیا تھا، جب ان کی پارٹی کے ارکان نے ان پر برطانیہ میں غیر قانونی طور پر رہنے کا الزام عائد کیا تھا۔ مزید سکروٹنی سے بچنے کیلئے انہیں حکم دیا گیا تھا کہ وہ مستعفی ہو جائیں لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا، جس کے نتیجے میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ ولید حسین نے موقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف الزامات جھوٹے ہیں اور یہ حسد کی وجہ سے لگائے گئے تھے۔ ان کے کیس کی تحقیقات پی ٹی آئی کے انٹرنل اکائونٹیبلٹی کمیشن نے کی، جس کو ایس سی اے ڈی کہا جاتا ہے، جس نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ مسٹر حسین نے اس فیصلے کے خلاف اسلام آباد میں ایس سی اے ڈی کے خلاف اپیل کی، جس کی سماعت اسلام آباد میں سلمان آفتاب (چیئرمین ایس سی اے ڈی) بیرسٹر سلمان حامد آفریدی (ممبر) اور ایئر کموڈور (ریٹائرڈ) ناصر ہمدانی (ممبر) نے اجتماعی طور پر کی۔ منتخب باڈی کے اندر ایک گروپ نے کمیٹی میں ولید حسین کے خلاف شکایت کی تھی۔ اس گروپ کے ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر الزام لگایا کہ ولید حسین نے اپنی بحالی کیلئے پارٹی میں اپنے رابطوں کو استعمال کیا۔ کمیشن کو پتہ چلا کہ ولید حسین نے مذکورہ بالا فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔ انہوں نے بتاریخ 12 فروری 2020 ء کی ایسٹ لندن سالیسٹرز 732 ہائی روڈ لیٹنسٹون لندن کی ایک کاپی بھی پیش کی ہے، جس میں انہوں نے تصدیق کی ہے کہ اپیل کنندہ کی برطانیہ میں اس بنیاد پر قیام کرنے کی مزید اجازت کی درخواست ہوم آفس میں 2019-09-30 کو دائر کی گئی تھی کہ ان کی بیوی برطانوی شہری ہیں۔ کمیشن نے اپنے پچھلے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ولید حسین کو سیکرٹری جنرل سائوتھ ویسٹ یو کے کے عہدے پر بحال کر دیا۔ تاہم یہ فیصلہ پارٹی کے دوسرے گروپ کیلئے اچھا نہیں تھا، جس کو یقین ہے کہ جو شخص برطانیہ کا شہری نہیں ہے، وہ اوورسیز پارٹی عہدیدار نہیں ہونا چاہئے۔ ولید حسین نے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا معاملہ طے پا چکا ہے اور پارٹی نے انہیں پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی بنیاد پر بحال کیا گیا ہے۔ جب ان سے خصوصی طور پر ان کی موجودہ امیگریشن حیثیت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ان کا معاملہ حل ہو گیا ہے۔ میں قانونی ہوں اور میں نے کبھی کسی قواعد کی خلاف ورزی نہیں کی اور پی ٹی آئی کے اپنے احتساب کمیشن نے حقائق قائم کرکے مجھے بحال کیا ہے۔ مجھ سے حسد کرنے والوں نے اپنی بھرپور کوششیں کیں لیکن ناکام رہے۔
تازہ ترین