• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین ایران اور دیگر مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو انسانی امداد فراہم کریگا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے سبب مشرقِ وسطیٰ میں جاری مسلح تنازع کے دوران ایران، اردن، لبنان اور عراق کو ہنگامی انسانی امداد فراہم کرے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے وزیرِ خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے گزشتہ روز بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین انسانیت اور انسانی ہمدردی کے مشترکہ وژن کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاری تنازع نے خطے کے ممالک کے عوام، بشمول ایران، پر شدید انسانی بحران مسلط کیا ہے، چین متعلقہ ممالک کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی رکھتا ہے اور ہمارے دل ان کے ساتھ ہیں۔

لِن جیان نے کہا کہ چین نے ایران، اردن، لبنان اور عراق کو ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو درپیش انسانی مشکلات کم کرنے میں مدد مل سکے۔

گزشتہ ہفتے چین نے کہا تھا کہ ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا ایرانی ریڈ کریسنٹ کو 2 لاکھ ڈالرز کی ہنگامی انسانی امداد فراہم کرے گی تاکہ 28 فروری کو ایران کے جنوبی شہر مناب میں پرائمری اسکول پر ہونے والے امریکی و اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والی 170 سے زائد طالبات کے لواحقین کے غم کو کم کیا جا سکے۔

لِن جیان نے کہا کہ چین امن کے لیے بھرپور کوشش جاری رکھے گا، خطے میں جلد امن و استحکام کے قیام کے لیے کام کرے گا اور انسانی بحران کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کرے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید