• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضم اضلاع وسطی ایشیا کے ساتھ تجارت میں اہم کردار ادا کرینگے، معاون خصوصی

پشاور ( نیوزڈیسک)ضم شدہ اضلاع کے معدنی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی کی بدولت اور مقامی لوگوں کی باہمی مشاورت سے استعمال میں لاتے ہوئے ان علاقوں میں غربت اور پسماندگی ختم کی جائے گی ان خیالات کا اظہار وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے ضم شدہ اضلاع میں تجارتی سرگرمیوں اور صنعتی ترقی کے بارے انہیں دی گئی بریفنگ کے موقع پر کیاخیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ کے سی ای او نے معاون خصوصی کو ضم شدہ اضلاع میں صنعتی ترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں تاجر برادری اور مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہر محکمہ کو ہدایت کی گئی کہ ضم شدہ اضلاع میں تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں مکمل منصوبہ بندی کریں۔معاون خصوصی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع وسطی ایشیا کے ساتھ تجارت میں نہایت اہم کردار ادا کریں گے اور ان علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں میں کافی اضافہ ہوجائیگا ضم شدہ اضلاع معدنی دولت سے مالا مال ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ وہاں پر تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے معاون خصوصی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ جلد ضم شدہ اضلاع کا مکمل ڈیٹا ترتیب دیں اور ان وسائل کو سامنے لائیں جو کہ ابھی تک استعمال میں نہیں لائے جا سکے اور ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کو اس طرف راغب کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کریں اور ہر سیکٹر میں ضلعی سطح پر سرمایہ کاری کے بارے میں تفصیلی تجاویز اور جامعہ رپورٹ پیش کریں اجلاس میں فروٹ پروسیسنگ زون کے قیام کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیا۔
تازہ ترین