• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ہاں خشک میوہ جات خوب شوق سے کھائے جاتے ہیں۔یہ نا صرف مزیدار بلکہ غذائیت سے بھی بھرپور ہوتے ہیں۔خشک میوہ جات میں بہت سے میوہ شامل ہیں مگر بات صرف اخروٹ کی کیجائے تو یہ طبی لحاظ سے بہت فائدہ مند ہے۔اخروٹ غذائیت سے بھرپورمیوہ ہے ۔ اس کی بھنی ہوئی گری کھانے سے کھانسی میں افاقہ ہوتا ہے۔ایک ریسرچ کے مطابق اخروٹ کا استعمال ذہنی نشوونما کے لیے مفید ہے۔ 

اس سے جسمانی تھکان بھی دور ہوتی ہے ۔ایک تحقیق کے مطابق ان میں موجود پروٹینز، وٹامنز، منرلز اور فیٹس جسم میں کولیسٹرول لیول کو کم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔علاوہ ازیںیہ بلڈ پریشر اور امراضِ قلب میں بھی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔مگر ان کا استعمال اعتدال سے کیا جائے تو ہی فائدہ مند ہے۔ ان کا استعمال مختلف پکوانوں میں بھی کیا جاتا ہے۔اخروٹ سے بنے پکوان بہت ہی مزیدار ہوتے ہیں۔اخروٹ سے بنےکیک ،بریڈ،پڈنگ، بسکٹس،حلوہ،سیلڈز وغیرہ بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ان سے بنے چند پکوانوں کی تراکیب ملاحظہ کریں۔

اخروٹ کی پڈنگ

اجزاء۔

اخروٹ کی گری۔ ایک پاؤ

دودھ ۔آدھا کپ

چینی ۔آدھا کلو

کشمش۔ آدھا چھٹانک

مکھن ۔آدھا چھٹانک

گلاب کا عرق۔ آدھا تولہ

انڈے ۔دوعدد

کریم۔ تین چمچ

ترکیب۔

اخروٹ کی گری کو چند منٹ بھونے اور باریک کر لیں۔ اس کے بعد مکھن ڈال کر بھونیں ۔ انڈے کی زردی اور سفید علیحدہ علیحدہ کر لیں۔ انڈے کی زردی اخروٹ والے آمیزے میں ملائیں اب اس مرکب کو دودھ میں ڈال کر پھینٹیں اور پھر انڈوں کی سفیدی ڈال دیں۔ اوون میں پکائیں جب مرکب گاڑھا ہو جائے تو نکال لیں اور ٹھنڈا کر لیں۔ کریم اور گلاب کا عرق ملا دیں۔اخروٹ کی پڈنگ سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔

پائن ایپل والنٹ ڈیلائٹ

اجزاء۔

مکھن۔ دو کھانے کے چمچ

میری بسکٹ۔ دو پیکٹ

اخروٹ کُٹا ہوا۔ 250گرام

(کنڈینسڈ)ملک۔ 200گرام

پائن ایپل (چھوٹے کیوب)۔ ایک ٹِن پیک

چاکلیٹ چپ۔ 50گرام

کریم۔ 200ملی لیٹر

اسٹرابیری کیوب۔ بطور گارنش

ترکیب۔

ایک ٹرے میں مکھن لگائیں اور اس میں میری بسکٹ ،پائن ایپل ،اخروٹ کُٹا ہوا ، کنڈینسڈ ملک ،پائن ایپل، چوکلیٹ چِپ،کریم اور اخروٹ کو اس ترتیب کے ساتھ ڈا ل لیں ۔ اب اسٹرابیری کو بطور گارنش استعمال کریں۔ اب ٹرے کو پندرہ سے بیس منٹ تک فریج میں رکھ دیں ۔ مزیدارپائن ایپل والنٹ ڈیلائٹ تیار ہے ۔

والنٹ بار

اجزاء۔

اخروٹ۔1کپ

گھی۔ 1کپ

بیسن۔ 2کپ

سوجی ۔آدھا کپ

گڑ۔ 1کپ

ترکیب۔

ایک پین میں ایک سے دو منٹ اخروٹ روسٹ کر لیں اور چوپ کر کے سائیڈ پر رکھ دیں۔اب ایک پین میں گھی، بیسن اور سوجی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔پھر آٹھ سے دس منٹ اچھی طرح پکائیں جب تک اس کا رنگ لائٹ گولڈن ہوجائے۔اب اس میں گڑ ڈال کر دو سے تین منٹ پکائیں اور ہلکی آنچ پر مسلسل ہلاتے جائیں۔پھر آخر میں چوپ کئے ہوئے اخروٹ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور بیکنگ ٹرے میں مکسچر ڈال دیں۔اب اسے روم ٹمپریچر پر ٹھنڈاکر لیں اور بارز کی شکل میں کاٹ لیں۔مزیدار والنٹ بارتیار ہے۔

اخروٹ کی چٹنی

اجزاء۔

اخروٹ کی گری ۔دو سو پچاس گرام

دہی ۔ایک کلو

کٹی ہوئی پیاز ۔ ایک عدد

کٹی ہوئی ہری مرچ ۔دو سے تین عدد

زیرہ ۔آدھا چائے کا چمچ

نمک ۔آدھا چائے کا چمچ

ترکیب۔

دہی کو کسی ململ کے کپڑے میں ڈال کر لٹکا دیں تاکہ تمام پانی نکل جائے۔ اب تمام اجزاءکو باریک پیس کر دہی میں ملا دیں۔چٹنی تیار ہے۔

والنٹ چکن

اجزاء۔

چکن بغیر ہڈی کی بوٹیاں۔ 200گرام

اخروٹ کی گری۔ آدھی پیالی

نمک ۔حسبِ ذائقہ

چینی۔ ایک چائے کا چمچ

کالی مرچ۔ حسبِ ذائقہ

سنگھاڑے۔ دس سے بارہ عدد(ابلے ہوئے)

شملہ مرچ کے کیوبز۔ آدھی پیالی

پیاز کے کیوبز ۔آدھی پیالی

چکن کی یخنی۔ ایک پیالی

سویا سوس۔ ایک کھانے کا چمچ

کوکنگ آئل ۔چار کھانے کے چمچ

ترکیب۔

کوکنگ آئل کو گرم کرکے اس میں اخروٹ کی گری کو فرائی کرکے نکال لیں پھرابلی ہوئی چکن ڈال کر فرائی کریں اور ساتھ ہی سنگھاڑے ، شملہ مرچ اور پیاز شامل کردیں۔تین سے چار سنگھاڑوں کو چار کھانے کے چمچ یخنی کے ساتھ بلینڈ کرکے رکھ لیں ۔علیحدہ پین میں یخنی ،سویا سوس ،نمک ،کالی مرچ ڈال کر پکائیں۔ پھر چکن اور سبزیوں والا آمیزہ ڈال کر مکس کریں ۔سنگھاڑے کا تیار کیا ہوا مکسچر ڈال کر گاڑھا ہونے تک پکائیں۔تیار ہونے پر گرم گرم سرو کریں۔

اخروٹ کا حلوہ

اجزاء۔

اخروٹ۔ دو پیالی ﴿چھلے اور باریک کٹے ہوئے

تیل۔ ایک پیالی

چھوٹی الائچی۔ آٹھ عدد

کھویا۔ ایک پیالی

چینی۔ دو پیالی

سوجی۔ آدھی پیالی ﴿بھنی ہوئی

بادام، پستے۔ حسبِ ضرورت( ﴿باریک کٹے ہوئے)

ترکیب۔

کڑاہی میں تیل گرم کرکے چھوٹی الائچی ڈالیں۔جب خوشبو آنے لگے تو اس میں اخروٹ شامل کرکے ہلکا سا بھون لیں۔پھر کھویا، چینی اور سوجی ڈال کر مزید پانچ سے دس منٹ بھونیں۔اس کے بعد تھالی میں چکنائی لگاکر حلوہ پھیلا دیں۔اوپر سے تھوڑا کھویا، بادام اور پستے ڈال کر سرو کر دیں۔

چوکو والنٹ کیک

اجزاء۔

مکھن۔ دو سو گرام

انڈے ۔چار عدد

ونیلا۔ دو چائے کے چمچ

چاکلیٹ پاؤڈر۔ ساڑھے تین کھانے کے چمچ

میدہ ۔دو سو گرام

بیکنگ پاؤڈر۔ دو چائے کے چمچ

دودھ۔ تین کھانے کے چمچ

اخروٹ ۔آدھا کپ

چیریز ۔ایک کپ

پودینہ ۔ایک کپ

کوکنگ چاکلیٹ ۔ایک سو پچاس گرام

مکھن ۔دو کھانے کے چمچ

گولڈن سیرپ۔ دو کھانے کے چمچ

ترکیب۔

مکھن میں چینی بیٹ کریں۔پھر ایک ایک کر کے انڈے مکس کریں۔اب دودھ ڈال کر بیٹ کریں اور تمام خشک اجزاء کو مکس کر کے بیٹ کریں۔ایک سو اسی ڈگری سینٹی گریڈ پر پینتیس سے چالیس منٹ بیک کریں۔ٹھنڈا ہونے پر ٹوپنگ ڈال کر دس منٹ فریج میں رکھ دیں۔

گوبھی اور اخروٹ کا کریمی سوپ

اجزاء۔

پھل گوبھی۔ 1درمیانہ سائز

پیاز۔ 1درمیانے سائز کا باریک کٹاہوا

مرغی یا سبزیوں کی یخنی۔ 450لیٹر

دودھ۔ 450ملی لیٹر

اخروٹ۔ 3کھانے کے چمچ باریک کٹے ہوئے

نمک۔ حسبِ ذائقہ

سیاہ مرچ پسی ہوئی۔ حسبِ ذائقہ

ترکیب۔

گوبھی کے پھول کوچھو ٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔یخنی پیاز اور گوبھی کو کھلے منہ کے برتن میں تقریباََپندرہ منٹ ابالیں تاکہ گوبھی نرم ہو جائے۔اب اس میں دودھ اور کترے ہوئے اخروٹ شامل کر کے بلینڈ کر لیں۔آمیزہ کو دوبارہ دیگچی میں ڈالیں اور حسب ذائقہ نمک مرچ شامل کر کے ایک مرتبہ پھر ابالیں۔تیار شدہ سوپ کو پیالے یا گہری پلیٹ میں انڈیلیں۔سیاہ مرچ اور اخروٹ کے ٹکڑوں سے سجائیں۔

والنٹ اینڈ کیرٹ بریڈ

اجزاء۔

انڈے۔ 3عدد

شکر ۔آدھاکپ

آئل۔حسبِ ضرورت

آٹا۔ ڈیڑھ کپ

بیکنگ پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ

میٹھا سوڈا۔ 1چائے کا چمچ

دار چینی پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ

گرم مصالحہ۔ آدھا چائے کا چمچ

الائچی دانے۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

کیرٹ۔ 1کپ باریک کتری ہوئی

اخروٹ۔ ایک چوتھائی کپ

سورج مکھی کے بیج۔ ایک چوتھائی کپ

ترکیب۔

اوون کوF ْ350 پر گرم کر لیں ۔ ڈبل روٹی کے ٹن میں بیکنگ پیپر لگائیں ۔انڈے اور چینی کو اکٹھا پھینٹیں پھر اس میں تیل شامل کریں۔ایک پیالے میں آٹا ،بیکنگ پاؤڈر، میٹھا سوڈا، گرم مصالحہ اور دار چینی مکس کریں۔سورج مکھی کے بیجوں کے علاوہ تمام اجزاء انڈے کے مکسچر میں ڈال کر ا چھی طرح مکس کر لیں۔چمچ کے مدد سے سارے آمیزے کو تیل لگے ٹن میں ڈالیں اور سطح ہموار کر دیں۔اوپر سے سورج مکھی کے بیج چھڑک دیں ۔ایک گھنٹہ تک بیک کریں ۔لکڑی کی سلائی کوبریڈ کے اندر تک لے جائیں اگر خشک باہر نکل آئے تو بریڈتیار ہے نکالیں اور سلائس بنا کر پیش کریں۔

اخروٹ کی برفی

اجزاء۔

مغز اخروٹ۔ ڈیڑھ پاؤ

کھویا۔ ایک پاؤ

چینی ۔آدھ کلو

گھی۔ ایک چھٹانک

کیوڑا ۔بڑا چمچ

پکانے والارنگ۔ حسبِ ضرورت

چاندی کے ورق ۔سجاوٹ کے لیے

ترکیب۔

مغز اخروٹ پیس لیں۔فرائنگ پین میں گھی خوب گرم کر یں اس میں کھوئے کو بھون لیں۔سرخی مائل ہو تو اتار لیں۔تین پاؤ چینی میں تین چھٹانک پانی ڈال کر شیرہ بنائیں۔اس میں اخروٹ، کھویا اور نگ ڈال دیں۔چمچ چلاتے رہیں۔ جب یہ یک جان ہو جائے اور گاڑھا ہو کر کناروں پر لگنے لگے تو اتار لیں۔طباق کو اچھی طرح گھی سے مل دیں۔اس پر یہ پکا ہوا مادہ ڈال دیں۔کیوڑا چھڑکیںٹھنڈا ہو کر سخت ہو جائے تو ٹکڑے کاٹیں اور چاندی کاورق لگاکر سرو کریں ۔

اخروٹ سیلڈ ود ویجی ٹیبل

اجزاء۔

گاجریں۔ 250گرام

پھول گوبھی ڈنٹھل کے بغیر۔ 185گرام

سویا۔ ایک گٹھلی

ہرا پیاز۔ 4عدد

پنیر۔ 185گرام

اخروٹ کی گریاں۔ 30گرام

مونگ پھلی اور کاجو۔ 60 گرام

پودینہ پسا ہوا۔ ایک کھانے کا چمچ

ادرک پسا ہوا۔ ایک کھانے کا چمچ

ڈریسنگ کے لئے:

میونیز۔ 4کھانے کے چمچ

دہی۔ 4کھانے کے چمچ

کالی مرچ۔ حسبِ ذائقہ

ترکیب۔

گاجروں کو دھونے کے بعد ایک بڑی ٹرے میں ڈال دیں ۔ اب گوبھی کے چھوٹے چھوٹے پھول علیحدہ کاٹیں ۔ باقی تمام اجزاء کو ایک ایک کر کے بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں ۔ڈریسنگ کے لئے تما م اجزاء ایک پیالے میں ڈال کر چمچ سے اچھی طرح ملائیں ۔اب گاجروں والی ٹرے میں گرائینڈ ر والا مکسچر ملا ئیں اور اس پر ڈریسنگ ڈال کر سرو کریں۔

تازہ ترین