• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کو گائے، بھینس ، بکریاں دیں گے، عمران خان



وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ خواتین کو ایک گائے، ایک بھینس اور تین بکریاں دیں گے۔

لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں اب تک امیر، امیر تر ہوتا گیا اور غریب آدمی نیچے ہی رہا، امیر اور غریب میں فاصلہ بڑھتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام پر ثانیہ نشتر کو مبارک باد دیتا ہوں، کمزور طبقے کو وہ ذرائع دیئے جائیں کہ وہ خود کو اوپر اٹھا سکے۔

عمران خان نے کہا کہ ہر ماہ 80 ہزار لوگوں کو بغیر سود کے قرضے دیئے جائیں گے، ہر سال کمزور طبقے سے 50 ہزار نوجوانوں کو اسکالر شپس دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 180 پناہ گاہیں بن چکی ہیں اور ہم یہ بناتے جا رہے ہیں، کوشش ہے کہ کوئی ایسی جگہ نہ ہو جہاں غریب آدمی کو سڑک پر سونا پڑے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ایسا پاکستان بنے گا کہ کسی آدمی کو سڑک پر نہیں سونا پڑے گا، ہم پولیس کا بہترین نظام لانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کو کہا ہے کہ ہر ضلع میں بڑے بڑے بدمعاشوں کو پکڑیں، چھوٹوں کو نہیں، ہم وہ نظام چاہے ہیں کہ بڑے بڑے ڈاکوؤں اور چوروں کو جیلوں میں ڈالیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ جب بڑے چوروں کو جیلوں میں ڈالیں گے تو چھوٹے چور خود ٹھیک ہو جائیں گے، ملک مشکل وقت سے نکل گیا ہے لیکن آگے بڑے بڑے چیلنجز اب بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک سال میں 75 فیصد کم ہوا ہے، انشاء اللّٰہ آنے والے دنوں میں آپ لوگوں کو مزید خوشخبریاں ملیں گی، آج جو کچھ ہوں اپنی والدہ کی وجہ سے ہوں۔

تازہ ترین