جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے گزشتہ دنوںوزارت محنت و سماجی ترقی (مکہ مکرمہ ریجن) کے ڈائریکٹر جنرل عبد اللہ بن احمد الطاوی سے ملاقات کی۔ قونصل جنرل نے سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے مفادات کی نگہداشت کے لئے وزارت محنت کی کوششوں پرخراج تحسین پیش کیا۔ عبد اللہ نے جدہ میں بطور قونصل جنرل تقرری پر خالد مجید کا خیرمقدم کیا۔
ڈی جی محنت و سماجی ترقی نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے قونصل جنرل کو اپنی وزارت سے متعلق کسی بھی معاملے کے حل کے لئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ملاقات میں پاکستانی کارکنوں سے متعلق مختلف امور اور ان کےجلد حل کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوا۔دونوں ممالک کے مابین انتہائی خوشگوار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ، دونوں نے مستقل ادپارہ جاتی میکانزم کے ذریعے اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کا عزم کیا۔