• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر رواں سیزن میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر رواں سیزن میں پہلی کامیابی حاصل کرلی


اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود اور جیمز وینس نے ٹیم کو 41 رنز کا محتاط آغاز فراہم کیا۔

شان مسعود کی شکل میں پہلی وکٹ گرنے کے بعد جیمز وینس نے معین علی کے ساتھ ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

جیمز وینس، معین علی اور ریلی روسو کے آؤٹ ہونے کے بعد ذیشان اشرف نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 164 کے ہندسے تک پہنچایا۔

سابق کپتان بوم بوم آفریدی بھی ملتان سلطانز کے لیے کارگر ثابت نہ ہوسکے اور صرف 11 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

ذیشان اشرف 29 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد بٹ 4، فہیم اشرف 2 جبکہ محمد موسیٰ اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سابق چیمپئن نے 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔

لیوک رونکی اور کولن منرو نے پہلی وکٹ پر 92 رنز کی شراکت قائم کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔

رواں سیزن میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کرنے والے منرو کو شاہد آفریدی نے بولڈ کیا تو دوسری طرف موجود رونکی نے اپنا لاٹھی چارج جاری رکھا اور 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہنے والے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر ٹیم کو مزید 71 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔

لیوک رونکی نے 74 رنز کی اننگز کھیلی اور جیت سے صرف 2 رنز قبل محمد الیاس کی گیند پر جیمز وینس کو کیچ دے بیٹھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 165 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی اور محمد الیاس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر لیوک رونکی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تازہ ترین