• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف بال ٹیمپرنگ کی شکایت کردی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف بال ٹیمپرنگ کی شکایت کردی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے چوتھے میچ جو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مقابلے پر پشاور زلمی نے ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل کی شاندار سنچری کے ساتھ باآسانی 6 وکٹ سے اپنے نام کیا تھا۔

اس میچ کے اختتام پر اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ہارنے والی ٹیم نے باقاعدہ دورانِ میچ بال ٹیمپرنگ کی شکایت درج کروائی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کھو کر 148رنز بنائے تھے، ان کے اوپنر انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیسن رائے 57 گیندوں پر 73 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے تھے۔

تاہم  پشاور زلمی جس نے اپنے مقررہ 20 اوورز کے اختتام سے ڈیڑھ اوور قبل میچ میں کامیابی حاصل کی، جس پر شکست سے دوچار رہنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کی جانب سے اس میچ میں 4 اوورز کے دوران 21 رنز دے کر 2 وکٹ لینے والے ٹیسٹ فاسٹ بولر وہاب ریاض پر ممکنہ طور پر شک ظاہر کیا جارہا ہے، 34 سال کے بائیں ہاتھ کے تیز بولر نے پاکستان کے لیے 31 ٹی 20 مقابلوں میں 30 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

کوئٹہ اور پشاور کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا کے روشن ماہنامہ میچ ریفری تھے، جبکہ فیلڈ امپائر انگلینڈ کے رچرڈ النگورتھ کے ہمراہ فیصل آفریدی تھے۔

اس بارے میں تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے خاموشی ہے، اور جب ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی سے رابطے کی کوشش کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکایت کی بابت جاننے کی کوشش کی گئی، تو وہ دستیاب نہیں تھے۔

دریں اثنا نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف جیت کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے پریس کانفر نس کے دوران  اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے پشاور زلمی کے خلاف میچ کے بعد میچ ریفری روشن ماہنامہ کو اس بارے میں باقاعدہ اپنی رپورٹ میں لکھا ہے۔

تازہ ترین