70کی دہائی میں پاکستانیوں نےا سپین میں اپنے قدم جمانے شروع کئے ، اپنی محنت،لگن اور ایمانداری سے کام کرنے کی وجہ سے پاکستانیوں کو مقامی لوگ اور گورنمنٹ عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،محنت لگن اور ایمانداری کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستانی مقامی سیاست،بزنس اورا سپین کی ترقی کے لیے اپنا حصہ ڈال کر ملک و قوم کا وقار بلند کر رہے ہیں ،وہیں سفارتخانہ پاکستان میڈرڈ اسپین وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان میں سیاحت اور بزنس کے نئے مواقع’’ پرموٹ‘‘ کر کے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دے رہا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ کئی بڑے برانڈ پہلے ہی پاکستان جا چکے ہیں اور کئی ایک جانے کی تیاریوں میں ہیں اسی حوالے سے اسپین کی سب سے پہلی اور اسٹیبلش فوڈ سیکٹر کی کمپنی’’ جی ایم فوڈ ‘‘نے معروف بزنس مین چوہدری امتیازآکیہ سے پاکستان میں گروس مارکیٹ کا کنٹریکٹ سائن کر کے سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک تاریخ رقم کی ہے جو کہ مستقبل قریب میں پاکستان کے تین بڑے شہروں میں فوڈ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے پورے ملک میں نہ صرف نوکریوں کے مواقع مہیا کرے گی بلکہ نئے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق مغربی یورپ بالخصوص اسپین سے پاکستان میں سرمایہ کاری کا آغاز ہوگیا ہے ،جی ایم فوڈ کے ڈائریکٹر برائے پاکستان چوہدری امتیازآکیہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ۔پاکستان میں اس وقت سرمایہ کاری کے لئے منافع بخش اور سازگار ماحول کے لیے سفیر پاکستان میڈرڈ اسپین خیام اکبر نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر انتھک کاوشوں سے نہ صرف مقامی سرمایہ کاروں اور پاکستانی نژاد ہسپانوی شہریوں کو بھی اس بات پر آمادہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستان میں سرمایہ کاری سود مند ثابت ہوگی بلکہ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے سرمایہ کاری پروگرام کے تناظر میں ہسپانوی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایا کاری کے حوالے سے تفصیل سے آگاہی دی ہے ۔
بزنس سیکٹر میںیقیناً پاکستان کو کامیابی حاصل ہونا شروع ہو چکی ہے اورا سپین سے شروع ہونے والی یہ سرمایہ کاری یقینا ًدیگر سرمایہ کاروں کے لیے مشعل راہ ثابت ہو گی ،جی ایم فوڈ کے مختلف شعبوں کے ہسپانوی ڈائریکٹرز کے وفد کی سفیر پاکستان خیام اکبر سے چوہدری امتیازآکیہ کی قیادت میں میڈرڈ سفارت خانہ میں خصوصی ملاقات ہوئی، پاکستانی سفیر برائے اسپین خیام اکبر نے وفدکے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا ،جس میں قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری کمرشل قونصلر محمد عرفان، ہیڈ آف چانسلری دانش محمود، نوجوان بزنس مین فائز امتیاز اور چوہدری امتیازآکیہ نے شرکت کی ۔
اس موقع پر جی ایم فوڈ کمپنی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر’’ مسٹر گھبریال ‘‘نے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پراُمید ہیں جبکہ سفیر پاکستان اور قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری نے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معروف تاجر چوہدری امتیازآکیہ کی کاوشوں کو ہم سراہتے ہیں اوراس ا قدام کو پاکستان کی معیشت کے بہتر مستقبل کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستان سے اتنی ہی محبت کرتی ہے جتنی کے پاکستان میں رہنے والے کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج لوگ یہاں اس بات پر قائل ہیں کہ پاکستان میں حالات بہتر ہورہے ہیں پاکستان میں امن قائم ہو چکا ہے اور پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے غیر ملکیوں کے لئے پاکستان کی فضا کو با لکل پر امن بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان جانا چاہیے تاکہ وہاں جانے والے سرمایہ کاروں کو جہاں منافع بخش ماحول ملے وہاں پاکستان میں ضرورت مند اور پڑھے لکھے لوگوں کو بہتر روزگار مل سکے۔
اس موقع پر جی ایم فوڈ اسپین کے ڈائریکٹر اور دیگر ذمہ داران مسٹر انتونیو اور مسٹر خورخے نے سفیر پاکستان سے اپنی ملاقات کو ایک کامیاب ملاقات قرار دیا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور ہم مستقبل قریب میں پاکستان میں بزنس کو فروغ دینے کی غرض سے پہلے مرحلہ میں تین بڑے شہروں میں کاروبار کا آغاز کریں گے، بعد ازاں پورے پاکستان میں اپنے ’’ اسٹورز ‘‘ کھولیں گے - اس موقع پر معروف تاجر چوہدری امتیازآکیہ نے پاکستان کے لئے کچھ کر جانے کے عزم کو دہراتے ہوئے سفارتخانہ پاکستان اور قونصلیٹ بارسلونا کے تعاون کاشکریہ ادا کیا اور انہوں نے کہا کہ ہم ہر موقع پر وطن عزیز پاکستان کے وقار عزت اور سافٹ امیج کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور کوشش کریں گے کہ یورپ کے دیگر ممالک سے بھی اپنے کامیاب بزنس مین احباب کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے قائل کریں، انہیں کہیں گے کہ یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ۔
پاکستان اس وقت تیزی سےترقی کرتا ہوا ملک ہے ،جس طرح کے مواقع اس وقت پاکستان میں ہیں شاید ہی کسی اور ملک میں ہوں ، ماحول سازگار ہے سکیورٹی کے حوالے سے وہاں پر بہت اچھا ماحول ہے ۔افواج پاکستان کی کاوشوں سے پورے ملک میں امن قائم ہو گیا ہے ۔مقامی گورنمنٹ اور سینٹرل گورنمنٹ کی طرف سے مکمل تعاون کی امید کرتے ہیں ۔آخر میں فائز امتیاز نے خوبصورت انداز میں ’’ جی ایم بزنس ‘‘ کے بارے میں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمپنی پہلے مرحلے میں پاکستان کے تین بڑے شہروں میں ہول سیل سے سرمایہ کاری کا آغاز کریگی، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سفیر پاکستان میڈرڈ خیام اکبر اور قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری سمیت ہیڈ آف چانسلری دانش محمود اور بزنس قونصلر عرفان محمود نے ہسپانوی وفد کی آمد اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے پروگرام کو عملی جامہ پہنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر طرح کا تحفظ مہیا کرے گی اور تحفظ مہیا کرنے والے اداروں کو اس حوالے سے پہلے ہی ہدایات دی جا چکی ہیں۔