لندن(مانیٹرنگ سیل)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان دماغ کی بجائے زبان سے معیشت چلا رہے ہیں۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران نیازی ڈیڑھ سال سے دماغ کی جگہ صرف زبان سے معیشت چلا رہے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ جنگل نوکریاں دیں گے اور سکون قبرمیں ملے گا،کیا عمران پاکستان کو شداد کی جنت بنانا چاہتے ہیں۔ لندن میں موجود قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ماضی کی حکومت پر الزامات اور ان کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر نیا پاکستان بنا رہی ہے، ملک میں شرح سود14فیصد ہوگئی ہے، مہنگائی15فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ عوام آٹا اور چینی دونوں سے محروم ہیں، کیا عمران خان نیازی کی فلاحی ریاست مدینہ یہ ہے؟۔