چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے پڑوسی ملک ایران میں مزید 3 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد ایران میں اس وبا سے اموات کی تعداد 15 ہو گئی۔
ادھر چین میں کورونا وائرس سے مزید 71 اموات سامنے آگئیں، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 663 ہو گئی ہے جبکہ چین بھر میں کورونا وائرس کے 77 ہزار سے زائد کیس اب تک رپورٹ ہوئے ہیں۔
ادھر جنوبی کوریامیں کورونا وائرس کے 60 نئے کیسز سامنے آ گئےجس کے بعد کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 893 ہو گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔
جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز کا چوتھا مسافر کورونا وائرس سے ہلاک ہو گیا ہے، بحری جہاز میں سوار مسافروں میں سے 691 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
فلپائن بحری جہاز سے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیےآج دو طیارے بھیجے گا۔
کویت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر عراق آنے اور جانے والی پروازیں معطل کر دیں۔
دوسری جانب پاکستان کے علاقے تربت میں بھی ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:کورونا وائرس، جاپانی نظم چینی باشندوں کیلئے مرہم
یہ بھی پڑھیے:پاکستانی سفارت خانے کی ٹیم کا ووہان کی جامعات کا دورہ
ڈپٹی کمشنر کیچ کا اس حوالےسے کہنا ہے کہ تربت اسپتال میں 10 بیڈز پر مشتمل کورونا وائرس وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔
کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سرحدی علاقوں میں آئسولیشن کیمپ بھی قائم کیے جائیں گے۔